آئندہ چند ماہ کے دوران جموںوکشمیر میں نئے دور کا آغاز ہوگا /مرکزی وزیر مملکت جتندر سنگھ

370کو ختم کرکے ہم نے جموںوکشمیر کے لوگوں کو بہت بڑی راحت دی ہے


سرینگر06 فروری//یو پی آئی // وزیر اعظم ہند کے دفتر میں تعینات وزیر مملکت کا کہنا ہے کہ 70برسوں کے لمبے انتظار کے بعد جموںوکشمیر کے لوگوں کو آٹانومی ملی ہے۔ انہوںنے کہاکہ مرکزی حکومت نے جموںوکشمیر کے متعلق جو فیصلے لئے وہ وقت نے صحیح ثابت کردئے ہیں کیونکہ پچھلے چھ ماہ کے دوران وادی کشمیر میں حالات پوری طرح سے معمول پر آگئے ہیں۔ خبر رساں ایجنسی یو پی آئی کے مطابق نئی دہلی میں سرپنچوں ، بلاک ڈیلوپمنٹ کونسل چیرمین کے وفود سے ملاقات کے دوران وزیر اعظم ہند کے دفتر میں تعینات وزیر مملکت ڈاکٹر جتندر سنگھ نے کہاکہ دفعہ 370کی تنسیخ کے بعد جموںوکشمیر میںحالات نہ صرف معمول پر آئے بلکہ عسکریت اور علیحدگی پسندی کا رجحان بھی ختم ہوا ۔ انہوںنے کہاکہ جموںوکشمیر کی سابقہ سیاسی پارٹیوں نے لوگوں کے ساتھ ہمیشہ نا انصافی کی ہے جس وجہ سے سابقہ ریاست ترقی نہیں کر پائی ۔ انہوںنے کہاکہ چونکہ اب مرکزی حکومت نے جموںوکشمیر کے متعلق تاریخی فیصلے لئے لہذا اب سبھی کو انصاف میسر ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ نیشنل کانفرنس اور دوسری سیاسی پارٹیاں آٹونامی کے نام پر لوگوں کو بیوقوف بنا رہی تھی ۔ مرکزی وزیر مملکت کے مطابق مرکزی حکومت نے 370کو ختم کرکے جموںوکشمیر کے لوگوں کو 70برسوں کے بعد آٹونامی دی ہے۔ مرکزی وزیر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ جموںوکشمیر میں آئندہ ماہ کے دوران بہت سارے کام ہونے جارہے ہیں اور اس سلسلے میں مرکزی حکومت نے بھاری مقدار میں رقم بھی مختص رکھی ہے۔ انہوںنے کہاکہ بے روزگار نوجوانوں کو نوکریاں فراہم کرنے کے ضمن میں اقدامات کئے جارہے ہیں۔ مرکزی وزیر نے بتایا کہ بین الاقوامی کمپنیاں وادی کشمیر میں سرمایہ کاری کرنے کی خواہاں ہے جسے نوجوانوں کو روزگار کے مواقعے میسر ہوں گے۔

Comments are closed.