محکمہ موسمیات کی پیشن گوئی کے عین مطابق موسم نے پھر بدلی کروٹ ،

پیر پنچال کے آر پار تازہ برفباری اور بارش، سردی میں اضافہ
کشمیر کا بیرون وادی فضائی اور زمینی رابطہ منقعطع، پروازیں منسوخ ، شاہراہ بند

سرینگر: پیر پنچال کے آر پار آج بدھ کے روز ایک بار پھر بارشوں اور برفباری کا سلسلہ شروع ہوا جس کے نتیجے میں وادی کے ساتھ ساتھ خطہ پیر پنچال کے علاقوںمیں سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوا۔ اس دوران محکمہ موسمیات نے وادی میں جمعہ کے روز تک موسم ابتر رہنے کے ساتھ ساتھ دن کے درجہ حرارت میں مزید گراوٹ کی پیشن گوئی کی ہے ۔ کرنٹ نیو زآف انڈیا کے مطابق پیر پنچال کے آر پار آج بدھ کے روز صبح صادق سے ہی میدانی علاقوں میں بارشیں اور بالائی علاقوں میں برفباری شروع ہوئی جس کی وجہ سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ دیکھنے کو ملا اور دن کے درجہ حرارت میں گراوٹ آئی۔ مطلع ابرآلود رہنے کے ساتھ ساتھ بارش اور برفباری کے نتیجے میں وادی کشمیر کا بیرون وادی سے فضائی اور زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے اور سرینگر کے انٹرنیشنل ائر پورٹ سے آج دلی اور دیگر شہروں کی طرف کوئی پرواز نہیں اُٹھی اور ناہی دلی یا جموںسے کوئی ہوائی پرواز سرینگر کیلئے روانہ ہوئی۔ اس کے ساتھ ساتھ وادی کا بیرون وادی سے زمینی رابطہ منقطع ہوا ہے ۔ تازہ برفباری اور بارشوں کے بعد سرینگر جموں شاہراہ کے رام سو علاقے میں بھاری پسیاں گرآنے کے نتیجے میں سرینگر جموں شاہراہ کو ایک بار پھر ٹریفک کی نقل و حمل کیلئے بندکردیا گیا ہے ۔ مذکورہ شاہراہ پر پروگرام کے مطابق آج بھی یکطرفہ ٹریفک چلنے والا تھا تاہم شاہراہ پر تازہ برفباری کے بعد اس میں تبدیلی لائی ہے۔حکام کے مطابق رات بھر شاہراہ پر بارش ہوتی رہی جس سے رامسو، رامبن علاقے میں پتھر گر آئے۔جموں کشمیر میں بدھ کو تازہ برفباری اور بارش ہورہی ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے جمعہ تک موسم خراب رہنے کی پیشگوئی کر رکھی ہے۔وادی کشمیر کے کئی علاقوں میں رات بھر بارش جبکہ بالائی علاقوں، بشمول پیر پنچال رینج میں برفباری ہوئی ہے۔سی این آئی کے مطابق سرینگر میںآج دن کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرات 1ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ رات کا کم سے کم درجہ حرارت 0.1ڈگری سیلشیس ریکارڈ کیا گیا جبکہ پہلگام اور گلمرگ میں یہ با الترتیب منفی0.6اور منفی4.6ڈگری سیلشیس ریکارڈ کیا گیا۔ادھر محکمہ موسمیات کی ایک اطلاع کے مطابق وادی میں جمعہ کے روز تک موسم کی صورتحال جوں کی توں بنی رہے گی اور موسم ناخوشگوار رہنے کی وجہ سے دن کے درجہ حرارت میںگراوٹ ہوسکتی ہے ۔ جس کی وجہ سے اہلیان کشمیر کو مزید سردی کا سامنا کرنا پڑے گا تاہم جمعہ سے موسم میں بہتری کے امکانات ہیں ۔(سی این آئی)

Comments are closed.