ضلع ہسپتال اننت ناگ میں ڈاکٹروں کی عدم دستیابی سے مریض پریشان

دیگر طبی و نیم طبی عملہ کی غیر حاضری سے بھی مسائل کا سامنا ، اعلیٰ حکام سے توجہ کی اپیل

سرینگر: جنوبی کشمیر میں ضلع ہسپتال اننت ناگ میں فزیشن ڈاکٹروں کی غیر حاضری کے دوران ہسپتال میں اکثر اوقات اسسٹنٹ سرجن ڈاکٹر ہی مریضوں کا علاج و معالجہ کررہے ہیں ۔ جبکہ ہسپتال میں تعینات دیگر طبی عملہ میں کبھی کبھار ہی اپنی ڈیوٹیوں پر حاضر رہتے ہیں ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق جنوبی کشمیر کے ضلع ہسپتال اننت ناگ میں سردی کے موسم میں مریضوں کا کافی رش رہتا ہے تاہم ہسپتال میں تعینات فزیشن ڈاکٹر ہفتے میں محض ایک دن ہی حاضر رہتا ہے جس دوران ہفتوںکے دیگر دن اسسٹنٹ سرجن ڈاکٹر ہی مریضوں کا علاج کرتے ہیں ۔ اس ضمن میں مریضوں نے سخت برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہسپتال میں تعینات فزیشن ڈاکٹر پرائیویٹ پریکٹس میں مصروف رہتے ہیں جس کی وجہ سے وہ زیادہ تر وقت اپنے کلینکوں پرہی گزارتے ہیں ۔ مریضوں نے کہا ہے کہ ہسپتال میں او پی ڈی میں روزانہ سینکڑوں مریضوں کو دیکھا جاتا ہے تاہم وہاں پر مریضوں کو اُس وقت مایوسی کا شکار ہونا پڑتا ہے جب ہسپتال میں پہنچ کر انہیں پتہ چلتا ہے کہ یہاں کوئی بھی فزیشن ڈاکٹر موجود نہیں ہے ۔ ادھر ہسپتال میں وارڈوں میں تعینات نرسیں بھی ہفتے میں محض ایک ہی بار دکھائی دی رہی ہیں اس کے علاوہ دیگر طبی عملہ بھی ہسپتال میں موجود نہیں رہتا اور طبی عملہ کی غیر حاضری کے سبب مریضوں کو شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ہسپتال ڈیولپمنٹ فنڈ سے مشاہرہ لینے والے ملازم ہی ہسپتال میں اکثر و بیشتر دکھائی دے رہے ہیں ۔ مریضوں نے اس سلسلے میں محکمہ ہیلتھ کے اعلیٰ حکام سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مذکورہ ہسپتال میں تعینات ڈاکٹروں کو ہسپتال میں اپنی ڈیوٹی پر حاضر رہنے کی ہدایت کریں تاکہ مریضوں کو درپیش مشکلات سے چھٹکارا مل سکے ۔

Comments are closed.