ایک روزہ ہڑتال اور بندشوں کے بعد وادی میںمعمولات بحال

انٹر نیٹ خدمات بحال ، بانہال بارہمولہ ریل گاڑیاں بھی پٹری پر لوٹ آئی

سرینگر: وزیر اعظم ہند کے دورہ ریاست کے پیش نظر ایک روز ہ ہڑتال اور بندشوں کے بعد سوموار کو کو زندگی معمول پر آگئی جس کے ساتھ ہی کاروباری سرگرمیاں بحال ہونے سے بازاروں میں غیر معمولی بھیڑ دیکھنے کو ملی ۔ ادھر گزشتہ شب ہی وادی کشمیر میں انٹر نیٹ خدمات بحال کی گئی جبکہ بانہال بارہمولہ ریل گاڑی بھی پٹری پر لوٹ آئی ۔ سی این آئی کے مطابق وزیر اعظم ہند نریندر مودی کے دورہ جموں کشمیر کے پیش نظر مشترکہ مزاحمتی قیادت نے ایک دن کی ہڑتالی کال دی تھی ۔ ہڑتال کی کال پر اتوار کے روز وادی کشمیر میں مکمل ہڑتال رے معمول کی زندگی متاثر رہی ۔ ایک روزہ ہڑتال کے بعد سوموار کو وادی کے تمام اضلاع میںمعمولاتی زندگی ایک بار پھر بحال ہوئی ۔شہر سرینگر کے ساتھ ساتھ وادی کشمیر کے دیگر اضلاع میں بھی کاروباری اور ٹرانسپورٹ سرگرمیاں شروع ہوئیں جبکہ حکام نے دوران شب ہی پولیس او فورسز کی تعیناتی ہٹادی تھی۔نمائندے کے مطابق ایک روزہ ہڑتال اور بندشوں کے بعد سوموار کو دکانیں اور کاروباری مراکز کے ساتھ ساتھ سکول اور سرکاری و غیر سرکاری دفاتر میں معمول میں سرگرمیاں شروع ہوئیں اور ٹریفک کی روانی بھی بحال ہوگئی۔ اس دوران لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے بازاروں کا رُخ کیا اور اشیائے ضروریہ کی خریداری کی جس کے نتیجے میں اہم بازاروں میں لوگوں کی غیر معمولی بھیڑ اور چہل پہل نظر آئی۔اسی دوران وادی کشمیر میں گزشتہ شب ہی موبائیل انٹر نیٹ خدمات بحال کی گئی جبکہ بانہال بارہمولہ ریل خدمات بھی ایک رزہ معطلی کے بعد پٹری پر لوٹ آئی جس کے ساتھ ہی مسافروں نے کچھ حد تک راحت کی سانس لی ۔

Comments are closed.