راجوری میں26جنوری تقریب میں بد مزگی، ترنگا لہراتے وقت گر پڑا،انکوائری کے احکامات صادر

راجوری:٢٦،جنوری ؍کے این این ؍ پہاڑی وسرحدی ضلع راجوری میں سنیچر کو اُس وقت 26جنوری کی تقریب میں بدمزگی ہوئی جب یہاں قومی ترنگا لہراتے وقت زمین پر گر پڑا ۔انتظامیہ نے معاملے کی نسبت انکوائر ی کے احکامات صادر کئے ۔کشمیر نیوز نیٹ ورک کے مطابق پیر پنچال پہاڑیوں کے دامن میں واقع پہاڑی وسرحدی ضلع راجوری میں سنیچر کو اْس وقت ضلع انتظامیہ کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا جب26جنوری کی تقریب کے دوران ترنگا لہراتے وقت زمین پر گر پڑا۔عینی شاہدین کے مطابق ضلع مجسٹریٹ راجوری نے جونہی ترنگا لہرانے کیلئے رسی کھینچی تو وہ لہرانے کے بجائے زمین پر گر پڑا۔یہ تقریب ضلع کی پولیس لاینز میں منعقد ہورہی تھی جب یہ واقعہ پیش آیا۔انہوں نے کہا کہ ڈائس کے نزدیک تعینات پولیس اہلکار فوری طور پر متحرک ہوگئے جنہوں نے ترنگے کو پول کے ساتھ ٹانگ دیا۔اس تقریب کے حوالے سے تصویر سوشل میڈیا پر وائرل بھی ہوئی ۔معلوم ہوا ہے کہ ضلع انتظامیہ نے معاملے کی نسبت انکوائری کے احکامات صادر کئے ۔یاد رہے کہ گرمائی دار الحکومت سرینگر میں بھی15اگست2016کو اسی طرح کا واقعہ پیش آیا تھا، جب اْس وقت کی خاتون وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے ہاتھوں ترنگا لہراتے ہوئے زمین پر آگرا تھا۔

Comments are closed.