ضلعی افسران کومتحرک رہنے کی ہدایت،سخت سردی کی لہر جاری،دراس میں پارہ نقطہ انجماد سے22ڈگری نیچےLEAD
سرینگر؍۱۷ جنوری؍سی این ایس؍کشمیر کی صوبائی انتظامیہ نے محکمہ موسمیات کی جانب سے وادی میں20سے24فروری تک درمیانہ درجے سے لے کر بھاری برفباری ہونے کی پیشن گوئی کے پیش نظر وارننگ جاری کرتے ہوئے لوگوں کو خبر دار رہنے کی ہدایت دی ہے۔اس بیچ سرکاری مشینری کو متحرک کردیا گیا ہے جبکہ ڈپٹی کمشنروں سے کہا گیا ہے کہ امکانی برفباری کے دوران لوگوں کی نقل و حمل کو متاثر نہ ہونے دینے کے لئے عملے کو تیار رکھیں۔ادھروادی سے لیکر لداخ تک سخت سردی کی لہر جاری ہے۔دراس میں درجہ حرارت منفی 22ڈگری تک گرگیا ہے جبکہ کرگل میں منفی20اور گلمرگ میں منفی 10ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔ رات کے دوران سخت کہرا لگ جانے سے دن میں سڑکوں پر ٹریفک کی نقل و حمل بھی متاثر ہوتی ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔سی این ایس کے مطابق صوبائی انتظامیہ کی جانب سے جاری کی گئی ہدایت میں لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ مال مویشیوں کے ساتھ ساتھ باغات اور کھیت کھلیانوں کو نقصان سے بچانے کا بھی خیال رکھیں جبکہ بالائی علاقوں میں رہائش پذیر لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ برفباری کے دوران چٹانین یا پسیاں گر آنے کے خدشے کے پیش نظرعبورومرور میں احتیاط سے کام لیں تاکہ امکانی صورتحال کے دوران کسی قسم کا جانی نقصان نہ ہو جائے۔واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے بحیرہ عرب سے اٹھنے والی لہروں کی وجہ سے کشمیر وادی اور جموں صوبے کے سرمائی زون کے علاقوں میں موسم کی صورتحال ابتر ہونے کی پیشن گوئی کرتے ہو ئے کہا ہے کہ20سے 24جنوری تک وادی کشمیر میں درمیانہ درجے سے لے کر بھاری برفباری ہوسکتی ہے جس کے نتیجے میں عام معمولات متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ کھیت کھلیاں،زراعت اورباغبان کو نقصان ہونے کا خدشہ ہے۔محکمہ موسمیات کے سرینگر میں تعینات دائریکٹر سونم لوٹس نے کہا ہے کہ 20جنوری سے بحیرہ عرب میں اٹھنے والی لہریں کشمیر اور شمالی بھارت کی بعض ریاستوں میں موسم پر اثر انداز ہوسکتی ہیں جس سے کشمیر میں کافی برفباری ہونے کا خطرہ ہے اور یہ سلسلہ 25جنوری تک جاری رہ سکتا ہے تاہم انہوں نے کہا25جنوری کے بعد موسم کی صورتحالل میں بتدریج بہتری آسکتی ہے۔اس بیچ پوری وادی میں سخت سردی کی لہر جاری ہے۔ حالیہ دنوں وادی کے بالائی اور میدانی علاقوں میں ہوئی برف باری کے نتیجے میں درجہ حرارت میں کافی گراوٹ آ ئی ہے۔ منفی درجہ حرارت کے باعث سڑکوں، کھلے میدانوں، مکانوں اور دوسری عمارتوں پر جمع برف جم گئی ہے۔ راتیں بدستور سرد ترین ہوتی جارہی ہیں کیونکہ رات کے دوران آسمان کھلا رہتا ہے جس کے نتیجے میں برف جم جاتی ہے اور برف سے سرد لہریں اٹھ کر درجہ حرارت میں کمی واقعہ کرتی ہے۔وادی کے کم و بیش ہر علاقے میں صبح سویرے نل جم جاتے ہیں ۔ سرینگر میں آج کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.3ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا ہے۔جبکہ پہلگام اور گلمرگ میں بالترتیب کم سے کم درجہ حرارت منفی5.1اور10.0ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔سب سے زیادہ سردی لداخ خطے میں ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دراس اور کرگل خطوں میں بالترتیب کم سے کم درجہ حرارت منفی 22.0اورمنفی20.0ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ دریں اثناء شہر اور دیگر قصبہ جات میں واٹر پائپیں منجمد ہو کر رہ گئی ہیں، اور لوگ کو صبح اور شام پانی کی بوندھ بوندھ کے لئے ترسنا پڑتا ہے۔ کئی ایک علاقوں سے لوگوں نے شکایت کی ہے کہ گزشتہ کئی روز سے ان کے علاقوں میں منفی درجہ حرارت کی سے پانی کے نل اور لائیں منجمد ہو گئی ہیں اور لوگوں کو صبح اور شام پانی دستیاب نہیں ہو رہا ہے اور لوگ پانی کے حوالے سے شدید مشکلات سے دو چار ہوئے ہیں اورمانگ کر رہے ہیں کہ انہیں پانی فراہم کیا جائے۔اسی دوران کئی ایک قصبہ جات جن میں اننت ناگ، پلوامہ، شوپیان کپوارہ،بانڈی پورہ،بارہمولہ، گاندربل، کنگن، بڈگام، کے درجنوں دیہات میں پانی نایابی کے سبب لوگوں کوسخت ترین مشکلات کا سامنا کر نا پڑ رہا ہے ۔ ادھرکپوارہ سے اطلاع دی ہے کہ ضلع کے بالائی علا قو ں میں دوران شب بھاری برف باری کے نتیجے میں کرناہ ،کیرن ،مڑھل ،جمہ گنڈ اور بڈ نمبل سڑکیں گاڑ یو ں کی آمد و رفت کے لئے احتیاتی طور پر بند کر دی گئی ہیں۔چوکی بل ،مارسری ،بنگس وادی ،درد پورہ ،زرہامہ ،کاچہامہ ،فرکن ،وارسن ،ہفرڈہ ،ملک پورہ ،تمنہ اور ہچمرگ میں بھاری برف باری ہوئی ہے جبکہ ضلع کے میدانی علا قو ں جن میں کرالہ پورہ ،کپوارہ قصبہ ،ترہگام ،ویلگام ،ہندوارہ ،لولاب اور اس کے ملحقہ علاقہ جات شامل ہیں میں دوران شب برف ریکارڈ کی گئی۔
Comments are closed.