سرینگر / 18دسمبر : متحدہ مجلس علماء کے امیراور حریت کانفرنس کے محبوس چیرمین میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق جنہیں حکمرانوں نے گزشتہ کئی دنوں سے ایک بار پھر اپنی رہائش گاہ میں نظر بند کرکے موصوف کی جملہ دینی، سماجی،سیای اور منصبی ذمہ داریوں پر قدغن عائد کردی ہے نے دنیائے اسلام کے بلند پایہ ولی کامل، مرد حقانی،حضرت محبوبِ سبحانی، غوثِ صمدانی، پیرانِ پیر شیخ سید عبد القادر جیلانیؒ کے عرس پاک کے موقع پر دینِ اسلام کے اُس بلند پایہ داعی، ولیِ کامل، مبلغ اعظم اور مصلح اُمت کو بھر پور الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے حضرت محبوبِ سبحانی کی عظیم اور جلیل القدر شخصیت اور تاریخ ساز دینی ، دعوتی اور اصلاحی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کیا ہے۔اپنے خصوصی بیان میں میر واعظ نے کہا کہ حضرت پیرانِ پیر ؒ کی شخصیت ایک مکمل روحانی اور پُر عزیمت عملی شخصیت تھی جنہوں نے اپنے ایمان و یقین، اخلاص و للھیت، ریاضت و مجاہدہ اور عزم اور استقلال کی دولت کے ساتھ ساتھ دعوتِ دین اور خالص عقیدۂ توحید کی نشر و اشاعت کا جو فریضہ انجام دیا وہ انتہائی قابل تقلید اور ناقابل فراموش ہے۔ میرواعظ نے کہا کہ ایک طرف حضرت شیخ نے اپنے موثر وعظ و تبلیغ کے ذریعے لاکھو ں بندگانِ خدا تک اسلام کا آفاقی اور انسانیت کاپیغام پہنچایا اور دوسری طرف اصلاح باطن اور تزکیہ نفوس کی بھاری ذمہ داریاں بھی باحسنِ وجوہ انجام دیکر ایک با ضمیر اور صالح مسلم معاشرہ قائم فرمایا جس کے سبب آج بھی دنیائے اسلام حضرت شیخ ؒ کا نام انتہائی عقیدت اور احترام کے ساتھ لینے پر مجبور ہے۔انہوں نے کہا کہ حضرت غوثِ پاک کو خراج عقیدت ادا کرنے اور عرس منانے کا حق تبھی ادا ہو سکتا ہے جب ہم حضرت کے اہم دینی مشن عقیدۂ توحید کی آبیاری اور عمل آوری کیلئے اپنے آپ کو وقف کرنے کے ساتھ ساتھ آج از سرِ نو اپنی زندگیوں کا جائزہ لیں۔ میر واعظ نے کشمیری معاشرہ کی افسوسناک صورتحال ،خاص طور پر نئی نسل کی روز بہ روز دین سے دوری، دینی تعلیمات سے غفلت، اسلامی شعائر سے بے اعتنائی، عقائد وا عمال میں فساد اور بگاڑ اور غیر اسلامی رسوم و رواج اور بے راہ روی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر گہری فکر و تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کشمیری سماج کو ان برائیوں سے پاک و صاف کرنے کیلئے تمام مسلمانوں خاص طور پر ملت کے جوانوں والدین اور خاندان کے سرپرستوں کو آگے آکر اس حوالے سے انہیں اپنی ذمہ داریوں اور فرائض کا احساس دلایاتاکہ ایک صحتمند اور فلاحی معاشرہ کے قیام میں مدد مل سکے۔
Sign in
Sign in
Recover your password.
A password will be e-mailed to you.
Comments are closed.