چند رو ز کے اندر موسم میں تبدیلی کے آ ثار۔ نل جمنا شروع ہوئے


خشک موسم کے ساتھ سردی کی شدید لہر جاری


سرینگر/7دسمبر: وادی میں رات کا درجہ حرار ت منفی سے کافی کم ہونے کے ساتھ ہی دن کا درجہ حرارت بھی بیک وقت کئی ڈگری تک گرگیا ہے جس کے نتیجے میں پوری وادی میں سرد ی کا راج ہے۔اس دوران کل رات سرینگرمیں رواں موسم سرما کی سرد ترین رات ثابت ہوئی جس کے دوران درجہ حرارت منفی4ڈگری سیلشیس ریکارڈ کیا گیا ۔ادھر محکمہ موسمیات نے آنے والے48گھنٹوں کے دوران بالائی علاقوں میں برفباری اور میدانی علاقوں با رشوں کی پیشن گوئی کی ہے۔سی این ایس کے مطابق وادی کشمیر میں چلہ کلان شروع ہونے سے قبل ہی نہ صرف رات کا درجہ حرارت تیزی سے منفی میں جارہا ہے بلکہ دن میں بھی معمول کے برعکس سردی کا زور بڑھ رہا ہے۔شمال وجنوب میں درجہ حرارت نکتہ انجماد سے گرجانے کے باعث میدانی علاقے بھی سردی کی شدیدلپیٹ میں آگئے ہیں ۔۔ وادی کے طول و عرض میں اِن دنوں خشک موسم کے ساتھ سردی کی شدید لہر جاری ہے اور دن کے دوران ہلکی دھوپ کے باوجود سردی کی شدت محسوس ہوتی ہے جبکہ دوران شب غیر معمولی سردیوں سے بھی اہل وادی کوسخت مشکلات کا سامنا ہے۔شبانہ سردیوں کی وجہ سے پانی کے نل جم جانے کے باعث بھی لوگوں کومسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ موسمیات کے ماہرین کا کہنا ہے کہ خشک موسم کے چلتے سردیوں کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ہے تاہم اگر بارشیں یا برفباری ہوتی ہے تو رات کی سردیوں میں کمی واقع ہونے کا قوی امکان ہے، البتہ دن کا درجہ حرارت مزید کم ہوسکتا ہے۔ ادھر بالائی علاقوں میں درجہ حرارت میں نمایاں گراوٹ کا نتیجہ میدانی علاقوں پر بھی پڑ رہا ہے۔ سرینگر میں گذشتہ رات موسم کی سرد ترین رات تھی جس کے دوران درجہ حرارت منفی4ڈگری سیلشیس ریکارڈ کیا گیا۔ وادی کے سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی6.oڈگری سیلشیس جبکہ ایک اور سیاحتی مقام گلمرگ میں منفی6.2ڈگری سیلشیس ریکارڈ کیا گیا ہے۔جموں خطے کے بیشتر علاقوں میں بھی ٹھنڈ پڑ رہی ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق بانہال ، بھدرواہ ، کٹرہ میں ،بٹوت اور جموں میں سردی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے جمعہ کو کہا کہ ریاست بھر میں کم سے کم درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ درجہ حرارت میں کمی مطلع صاف رہنے کی وجہ سے ہورہی ہے۔محکمہ کے مطابق آنے والے48گھنٹوں کے دوران بالائی علاقوں میں برفباری ہوسکتی ہے کیونکہ مغربی ہواؤں کا دباؤ اس عرصہ میں جموں کشمیر کے اندر بنے رہے گا۔

Comments are closed.