کشمیری اپنے خون سے تاریخ لکھ رہے ہیں ، مسئلہ کشمیر کا حل کشمیریوں کی مرضی و منشا ء کے مطابق ہونا ہے /ڈاکٹر فیصل

کشمیر کے مظالم دیکھ کر بھارت سے تعلقات کا راستہ کٹھن ہوجاتا ہے/ فواد چوہدری

سرینگر/30نومبر: کشمیر کے مظالم دیکھ کر بھارت سے تعلقات کا راستہ کٹھن ہوجاتا ہے کی بات کرتے ہوئے پاکستان کے وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ کشمیر کے معاملے پر بھارت کو حقیقت پسندانہ رویہ اپنانا ہوگا۔ادھرپاکستان کے ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کا کہنا ہے کہ کشمیری اپنے خون سے تاریخ لکھ رہے ہیں اور مسئلہ کشمیر کا حل کشمیریوں کی مرضی و منشا ء کے مطابق ہونا ہے۔ سی این آئی مانیٹرنگ کے مطابق اسلام آباد میں کشمیر سے متعلق ایک تقریب میں خطاب کرتے ہوئے پاکستانی وزیراطلاعات ونشریات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کشمیر کی جدوجہد میں لاکھوں لوگ سڑکوں پرنکل رہے ہیں کیوں کہ وہ خود دکھی ہیں لیکن بھارت میں بے وقوف سے بے وقوف لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ معاملہ پاکستان کی وجہ سے چل رہا ہے البتہ کشمیر میں پاکستان کی حمایت بہت زیادہ ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ کشمیر میں رہنے والوں کو تکلیف ہوتی ہے تو درد ہمیں بھی محسوس ہوتا ہے، جب کشمیر سے تصاویر آتی ہیں تو افسوس ہوتا ہے، ہم کشمیر کو علاقے نہیں بلکہ انسانیت کی نظر سے دیکھتے ہیں اور کشمیریوں سے ہمارا دل کا رشتہ ہے۔وزیر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ایک علاقے کا مسئلہ نہیں، جذبات اور دل کے راستوں کو فوجیں فتح نہیں کرسکتی، گولیوں سے معاملہ حل کرنے کی کوشش میں جذبات مزید ابھریں گے، مودی نے وہاں پیکچ کا اعلان کیا لیکن آزادی پیسوں سے نہیں خریدی جاسکتی جب کہ کشمیر کے مظالم دیکھ کر بھارت سے تعلقات کا راستہ کٹھن ہوجاتا ہے، کشمیر کے معاملے پر بھارت کو حقیقت پسندانہ رویہ اپنانا ہوگا۔وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ خطے کا مفاد ہے کہ بھارت پاکستان کے تعلقات بہتر ہوں، امن ہوگا تو سب کو فائدہ ہوگا لیکن پاکستان میں بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردی ہے اور کشیدگی کے باعث سارک کا اجلاس بھی متاثر ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی صحافیوں سے ملاقات میں وزیراعظم عمران خان نے بھی کہا کہ ہمارا اور آپ کا تعلق امن کا ہونا چاہیے۔ادھر اسلام آباد میں کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ دنیا کا کوئی قانون انڈیا کو کشمیریوں پر ظلم کرنے کی اجازت نہیں دیتا، پاکستان برٹش کشمیر گروپ کی رپورٹ کو سراہتا ہے، برطانوی کشمیر گروپ کی رپورٹ نے کشمیر میں جاری مظالم کو سامنے لایا ، رپورٹس میں بھارتی مظالم کا تفصیل سے ذکر ہے جب کہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے بھی کشمیر میں مظالم کی تصدیق کی۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ کشمیری اپنے خون سے تاریخ لکھ رہے ہیں، کشمیرمیں کم ووٹر ٹرن آؤٹ ثابت کرتا ہے کہ وہاں کے لوگ بھارت سے کتنا تنگ ہیں، کسی ملک کے لیے ممکن نہیں کہ وہ کسی دوسرے ملک کے لاکھوں لوگوں کو باہرنکلنے پر مجبور کرے تاہم ایسا صرف اس طرح ممکن ہے کہ کسی ملک کے لوگ خود احتجاج کے لیے باہر نکلیں۔ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کا حل کشمیریوں کی مرضی اور منشاء کے مطابق ہونا ہے اور پاکستان بھی سفارتکاری کے زریعے مسئلہ کشمیر کا حل چاہتا ہے لیکن لگتا یہ ہےکہ انڈیا کو ابھی تک اپنی غلطیوں کا ادراک نہیں ہوا۔

Comments are closed.