پی ڈی ڈی کو وادی میں بجلی کی سپلائی یقینی بنانے کی ہدایت دی
برفباری سے متاثرہ باغ مالکان کے حق میں امداد تقسیم کرنے کے عمل میں تیزی لانے کیلئے کہا
سرینگر: چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم نے کل شام یہاں ونٹر سیکرٹریٹ منعقدہ ایک جائیزہ میٹنگ کی صدارت کی جس میں وادی کے لئے سرمائی انتظامات بشمول بجلی کی صورتحال کا جائیزہ لیا گیا۔
ڈویثرنل کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے چیف سیکرٹری کو بتایا کہ وادی کی بجلی کی صورتحال کا روزانہ بنیادوں پر جائیزہ لیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ وادی کے لئے موجودہ بجلی کی مانگ2200 میگاواٹ ہے جبکہ محکمہ بجلی صارفین کو1300 میگاواٹ فراہم کررہا ہے۔بصیر خان نے کہا کہ اس صورتحال کے مد نظر محکمہ بجلی نے وادی میں کٹوتی کے شیڈول کا اعلان کیا ہے۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ موسم سرما کے دوران انتظامیہ وادی کشمیر میں بجلی کی فراہمی میں بہتری لانے کے لئے اقدامات کر رہی ہے تا کہ سخت سردی کی صورتحال میں بجلی کٹوتی میں کمی لائی جاسکے۔
انہوں نے پی ڈی ڈی کو ہدایت دی کہ وہ کٹوتی کے شیڈول کو بڑے پیمانے پر مشتہر کریں تا کہ لوگ پہلے سے ہی باخبر رہیں۔
چیف سیکرٹری نے پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت دی کہ وہ بجلی سے متعلق اطلاعات کے لئے ایک موثر ہیلپ لائین قائم کریں۔
چیف سیکرٹری کو اس موقعہ پر بتایا گیا کہ اب تک241 ٹرانفارمر خراب ہوچکے ہیں اور انتظامیہ کی کوشش یہ ہے کہ خراب شدہ ٹرانسفارمروں کی جگہ فوری طور نئے ٹرانسفارمر لگائے جائیں۔
سڑک رابطے سے متعلق چیف سیکرٹری کو بتایا گیا کہ حالیہ برف باری کی وجہ سے سوائے مغل روڈ کے تمام سڑکوں پر ٹریفک بحال کیا گیا ہے۔
پی ایچ ای کے افسران نے اس موقعہ پر کہا کہ651 واٹر سپلائی سکیمیں جو برف باری سے متاثر ہوئی تھیں، کو بحال کیا گیا ہے۔
چیف سیکرٹری نے اس موقعہ پر وادی میں اشیاء ضروریہ کی دستیابی کا بھی جائیزہ لیا۔
حالیہ برف باری کی وجہ سے باغ مالکان کی فصلوں کو نقصان کے معاملات کا جائیزہ لیتے ہوئے چیف سیکرٹری کو بتایا کہ متعلقہ ڈپٹی کمشنروں نے اس سلسلے میں ہوئے نقصان کا تخمینہ لگایا ہے اور مالکان باغات کے حق میں نقد معاوضہ فراہم کر نے کے اقدامات شروع کئے گئے ہیں۔
میٹنگ میں بتایا گیا کہ جنوبی کشمیر کے باغ مالکان کو برف باری سے سب سے زیادہ نقصان ہوا ہے۔
ڈویثرنل کمشنرکشمیر نے اس موقعہ پر ڈپٹی کمشنروں کے تخمینہ کے مطابق مالکان باغات کو ہوئے نقصان کا معاوضہ فراہم کرنے کے لئے150 کروڑ روپے کی اضافی رقم درکار ہے۔
ڈویثرنل کمشنر کشمیر کے مطالبے کے رد عمل میں چیف سیکرٹری نے کہا کہ انتظامیہ کے پاس رقومات کی کوئی کمی نہیں ہے اور انتظامیہ اس بات کو یقینی بنائے گی کہ متاثرہ کسانوں کو مناسب طریقے پر معاوضہ فراہم کیا جائے۔
چیف سیکرٹری نے صوبائی انتظامیہ کو مزید ہدایت دی کہ عید میلاد النبیؐ اور گورونانک دیو جی کے جنم دن کی تقریبات کے سلسلے میں لوگوں کے لئے مناسب انتظامات کئے جائیں۔
Comments are closed.