شوپیاں میں طالب علم کی ہلاکت بلاجواز/عمر عبد اللہ

سرینگر/17نومبر: شوپیاں میں گیارہویں جماعت کے طالب علم کی ہلاکت پر عمر عبداللہ نے سخت برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ہلاکت جھنجوڑنے والی ہے ۔ اس پر کوئی بھی صفائی قابل قبول نہیں ہے ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں میں ایک طالب علم کو نامعلوم بندوق برداروں نے اغوا کرکے اس کی ہلاکت کا ویڈیو سوشل میڈیا پر ڈال دیا ۔ اس ہلاکت پر ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے کارگزار صدر عمر عبداللہ نے سماجی ویب سائٹ ٹویٹر پر سخت برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہلاکت کے حوالے سے کوئی صفائی قابل قبول نہیں ہے ۔ انہوںنے کہا کہ اس طرح کے دلدوز واقعات کشمیر کے حالات کو بہتر کیسے بناسکتے ہیں ۔ عمر عبداللہ نے ہلاکت کو جھنجوڑنے والی واردات قراردیتے ہوئے کہا کہ اس ہلاکت میں ملوثیں کے کام کو جائز قراردینے والے اس ہلاکت کی کیاجوازیت پیش کریں گے ۔ عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ ندیم منظور کی ہلاکت قتل ناحق ہے اور اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ واضح رہے کہ نامعلوم بندوق برداروں نے مذکورہ طالب علم کو اغواکرکے اس کی ہلاکت کی ویڈیو جاری کرتے ہوئے اس پر الزام عائد کیا تھا کہ مذکورہ نوجوان نے دو جنگجوئوں چھوٹا ابرار اور ادریس کو فورسز کے ہاتھوں مروایا تھا جس کی پاداش میں اس کو گولیاں مار کر ابدی نیند سلادیا گیا ۔

Comments are closed.