مذکورہ علاقہ میں پینے کے پانی کی شدید قلت ،مقامی آبادی نالاں
پٹن//ضلع بارہمولہ کا علاقہ گوم احمد پورہ جہاں پینے کے پانی کی شدید قلت ہونے کے سبب عوام کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مذکورہ علاقہ سے آئے ہوئے ایک وفد نے بتایا کہ سابقہ سرکاروں نے ہمارے علاقے کو بُری طرح سے نظر انداز کردیا تھا اور اب گورنر راج میں بھی گوم احمد پورہ کا کثیر آبادی والا علاقہ عدم توجہی کا شکار ہوگیا ہے ۔وفد نے بتایا کہ سابقہ ریاستی وزیر اعلیٰ صاحبہ نے ضلع بارہمولہ کے عوامی دربار میں علاقہ گوم احمد پورہ کی تعمیر و ترقی کے حوالے سے مذکورہ علاقہ کے نمائندوں کوبھر پوریقین دہانیاں کرائی تھی اور علاقے میں جدید طرز کا ہیلتھ سینٹر قائم کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن وہ یقین دہانیاں اور وعدے آخر کار سراب ثابت نکلے ۔انہوں نے کہا کہ گوم احمد پورا کو کشمیر کی تاریخ میں ایک خاص مقام ہونے کی وجہ سے سابقہ سرکار نے اس کو سیاحتی نقشہ پر لانے کیلئے ہمارے مطالبات بھی منظور کئے تھے لیکن تاحال ہماری جائز مانگوں پر کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ۔انہوں نے حکمرانوں کے خلاف سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ اسمبلی ممبر نے پچھلے سال گوم احمد پورہ کا دورہ کرکے ایک درجن کے قریب دیہات کو پینے کے پانی کیلئے NABARDسکیم کے تحت پانی فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن اس سال انہوں نے محرم الحرام کے دوران صاف الفاظوں میں یہ کہکر منہ پھیر لیا کہ حکومت نے مذکورہ واٹر سپلائی سیکم کسی دوسری علاقہ کیلئے منظور کی ہے۔ اگری کلاں ،نوری پورہ،اگر ڈانگر پورہ،ارچندرہامہ،ملہ بوچھن ،مالموہ ،تونجی ہرن ،کنگم ڈارہ ،تانترے پورہ،گوم اورنولری سے وابسطہ وفد نے کہا کہ ٹھٹھرتی سردی کے باوجود بھی انہیں پانی کے ایک ایک بوند کیلئے ترسنا پڑتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ چند ماہ پہلے ژالہ باری کی وجہ سے علاقے میں کسانوں اور میوہ باغات کے مالکان کو زبردست نقصان ہوا تھا لیکن انتظامیہ نے متاثرین کو ابھی تک معاوضہ فراہم نہیں کیا بلکہ اس سلسلے میں صرف کاغذی گوڑے دوڑائے ۔وفد نے بتایا کہ حالیہ برفباری سے بھی میوہ باغات کو کافی حد تک نقصان پہنچا ہے جس کی وجہ سے علاقہ کے باغ مالکان سخت ذہنی پریشانیوں میں مبتلا ہوگئے ہیں ۔مذکورہ وفد کا کہنا ہے کہ انتظامیہ نے ہمارے علاقہ کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک روا رکھا ہے انہوں نے گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ہمارے مطالبات پر فوری طور کاروائی عمل میں لائی جائے ۔اور علاقہ کے عوام کو درپیش مسائل ومشکلات کا خاتمہ کرنے کیلئے ؤثر اقدامات اٹھائے جائیں۔
Comments are closed.