جموں وکشمیر: بالائی حصوں میں برف باری اور میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری

سری نگر، : جموں وکشمیر کے بالائی حصوں بالخصوص مشہور سیاحتی مقامات گلمرگ، پہلگام اور سونہ مرگ میں برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جمعرات کے روز سے جاری ہے۔ بالائی علاقوں میں برف باری اور میدانی علاقوں میں بارشوں سے جہاں ریاست بھر میں درجہ حرارت میں واضح کمی آئی ہے، وہاں لوگوں نے گرم ملبوسات کے ساتھ ساتھ گرمی فراہم کرنے والے آلات کا استعمال شروع کردیا ہے۔ تاہم وادی میں لوگوں کی شکایت ہے کہ موسم سرما شروع ہونے سے قبل ہی بجلی سپلائی کی غیراعلانیہ کٹوتی کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ریاست میں برف باری یا بارشوں کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے ہفتہ کے روز تک جاری رہ سکتا ہے۔ بالائی علاقوں میں برف باری کے پیش نظر سری نگر لیہہ قومی شاہراہ، مشہور مغل روڑ اور شمالی کشمیر میں بانڈی پورہ گریز روڑ پر گاڑیوں کی آمدورفت بند کردی گئی ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ان اہم رابطہ سڑکوں پر سے برف ہٹانے کا کام شروع کیا گیا ہے جس کے لئے مشینری اور افرادی قوت کو کام پر لگایا گیا ہے۔ شمالی کشمیر میں واقع مشہور سکی ریزارٹ گلمرگ میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 4 سے 5 انچ برف کھڑی ہوگئی ہے۔ گلمرگ کی اوپری بلندیوں بشمول افروٹ، سیون سپرنگس اور کھلن مرگ میں 7 سے 8 انچ برف کھڑی ہوگئی ہے۔ گلمرگ میں تازہ برف باری سے اس شہرہ آفاق سیاحتی مقام پر موجود سیاحوں کے چہرے خوشی سے کھلے اٹھے ہیں۔ انہیں جمعہ کو گرتی ہوئی برف کا نظارہ کرنے اور تصویریں کھینچنے میں مصروف دیکھا گیا۔ بیشتر سیاح ایسے تھے جنہوں نے اپنی زندگی میں پہلی بار برف کو گرتے ہوئے دیکھا ہے۔ سیاحوں کے ایک گروپ نے بتایا ’برف باری قدرت کا نظارہ ہے۔ یہ وہ نظارہ ہے جو دیکھنے لائق ہے۔ ایسا نظارہ اچھے کرموں والوں کو دیکھنے کو ملتا ہے۔ ہم خوش قسمت ہیں کہ ایک ایسے وقت گلمرگ آئے جب یہاں برف باری ہوئی‘۔ جنوبی کشمیر میں واقع مشہور سیاحتی مقام پہلگام اور اس کے بالائی حصوں میں بھی تازہ برف باری ہوئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق پہلگام اور اس کے بالائی حصوں بالخصوص پوتر امرناتھ گھپا اور اس سے ملحقہ علاقوں بشمول چندن واڑی، شیش ناگ، مہاگنس، پسو ٹاپ اور پنج ترنی کے راستوں پر کئی انچ برف کھڑی ہوگئی ہے۔ جنوبی کشمیر میں ضلع شوپیان کے بالائی حصوں میں بھی برف باری ہوئی ہے۔ اس کے پیش نظر تاریخی مغل روڑ کو گاڑیوں کی آمدورفت کے لئے بند کیا گیا ہے۔ آئی جی ٹریفک بسنت رتھ نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ’ہیرپور اور شوپیان میں برف باری ہورہی ہے۔ مغل روڑ کو بند کیا گیا ہے‘۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں سری نگر لداخ قومی شاہراہ پر واقع مشہور سیاحتی مقام سونہ مرگ میں بھی گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران برف باری ہوئی۔ برف باری کا یہ سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری ہے۔ اطلاعات کے مطابق برف باری کی وجہ سے سونہ مرگ میں موجود سیاحوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے اور وہ اپنے ہوٹلوں و گیسٹ ہاو¿سوں سے باہر آکر گرتی ہوئی برف کا لطف لینے لگے۔ وادی میں سیاحتی شعبہ سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ وقت سے پہلے برف کا گرنا سیاحت کے لئے اچھا ہے۔ ادھر گرمائی دارالحکومت سری نگر اور وادی کے باقی 9 اضلاع میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات کے دوران شدید بارشیں ہوئیں۔ بارشوں کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری ہے۔ اس دوران محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے یو این آئی کو بتایا کہ ریاست کے میدانی علاقوں میں بارشوں جبکہ بالائی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے آئندہ 24 گھنٹوں تک جاری رہ سکتا ہے۔ دریں اثنا صوبہ جموں کے بالائی حصوں بالخصوص بھدرواہ ، کشتواڑ اور ڈوڈہ میں بھی گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران تازہ برف باری ہوئی جبکہ میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق جموں کے مختلف بالائی علاقوں بشمول بھدرواہ، ڈوڈہ اور کشتواڑ میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات کے دوران برف باری ہوئی جبکہ ان علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جمعرات کی شام سے جاری ہے۔جموں میں بالائی حصوں میں برف باری اور بارشوں کی وجہ سے میدانی علاقوں کے درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ جموں شہر اور اس کے مضافاتی علاقوں میں بھی بارشوں کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری ہے۔

Comments are closed.