چھانہ کتار ترال میں جھڑپ ، جیش محمد کے 2جنگجو جاں بحق :پولیس

علاقے میں تلاشی آپریشن جاری ہے مزید جنگجوﺅں کی موجودگی کا خدشہ

ترال : چھانہ کتار ترال میں جنگجوﺅں اور فوج و فورسز کے درمیان جھڑپ میں 2 جنگجو جاں بحق ہوئے ۔ پولیس ترجمان کے مطابق رہائشی مکان کے ملبے سے 2 جنگجوﺅں کی نعشیں برآمد کی گئیں ۔

معلوم ہوا ہے کہ اضافی کمک کو طلب کرکے وسیع علاقے میں تلاشی آپریشن شروع کیا گیا ہے۔ چھانہ کتار ترال میں جنگجوئوں اور فوج و فورسز کے درمیان جھڑپ کے دوران دو جنگجو جاں بحق ہوئے ہیں۔

مصدقہ ذرائع نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ نماز مغرب کے بعد حفاظتی عملے نے اُس رہائشی مکان کو مارٹر گولوں سے زمین بوس کیا جس میں جنگجو چھپے بیٹھے تھے۔

ادھرپولیس ترجمان نے بتایا کہ رہائشی مکان کے ملبے سے اب تک دو جنگجوئوں کی نعشیں برآمد کرکے اُن کی شناخت کیلئے کارروائی شروع کی گئی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ دونوں جیش محمد سے تعلق رکھتے ہیں.انہوں نے کہا کہ علاقے میں ایک مصدقہ اطلاع ملنے پر جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا گیا ،جس دوران علاقے میں موجود جنگجوئوں نے فورسز پر فائرنگ کی ،جوابی کارروائی کے بعد جھڑپ کا سلسلہ شروع ہوا .انہوں نے کہا کہ دو جنگجوئوں کی نعشیں برآمد کی گئی .

لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مقام جھڑپ کی طرف نہ جائیں جب تک فورسز اس علاقے کو محفوظ نہیں قرار دیتی .

چھانہ کتار ترال جھڑپ میں جیش سربراہ مولا نا مسعود اظہر کا بھتیجا جاں بحق

چھانہ کتار ترال میں جاں بحق کئے گئے دو جنگجو وں میں سے ایک جیش سربراہ مولانا مسعود اظہر کا بھتیجا ہے۔ سیکورٹی ایجنسیوں نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مہلوک عسکریت پسند سنیپر سکارڈ کا سرغنہ تھا۔

خبر رساں ایجنسی یو پی آئی کے مطابق نجی نیوز چینل انڈیا ٹوڈے نے سیکورٹی ایجنسیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ چھانہ کتار ترال جھڑپ میں جاں بحق جنگجو جیش سربراہ حافظ محمد سعید کا بھتیجا ہے۔ مہلوک جنگجو کی شناخت ابو عثمان کے بطور ہوئی اور وہ سنیپر اسکارڈ کا سرغنہ بتایا جارہا ہے۔

نجی نیوز چینل کے مطابق جھڑپ کے دوران مارے گئے ایک اور عسکریت پسند کی شناخت کیلئے کارروائی شروع کی گئی ہے جبکہ رہائشی مکان کے ملبے سے سنیپر رائفل کو بھی تلاش کیا جارہا ہے۔ واضح رہے کہ پچھلے دس دنوں سے جیش کے سنیپر اسکارڈ نے چھ حملے کئے جس دوران پانچ سیکورٹی فورسز کے اہلکار اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ آٹھ شدید طورپر مضروب ہوئے۔

پولیس ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چھانہ کتار ترال جھڑپ میں دو عسکریت پسند جاں بحق ہوئے ہیں۔ ترجمان کے مطابق جنگجوﺅں کی شناخت کیلئے کارروائی شروع کی گئی ہے۔

بونہ بازار شوپیاں میں سابق کانگریس لیڈر کے رہائشی مکان

کے نزدیک مشکوک افراد کی نقل و حرکت ۔ حفاظت پر مامور اہلکاروں نے فائرنگ کی

شوپیاں کے جانہ محلہ بونہ بازار علاقے میں کانگریس کے سابق ضلع صدر کی رہائشی مکان کے نزدیک مشکوک افراد کی نقل وحرکت کے بعد حفاظت پر مامور اہلکاروں نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں علاقے میں سنسنی اور خوف ودہشت کا ماحول پھیل گیا۔

خبر رساں ایجنسی یو پی آئی کے مطابق شام دیر گئے بونہ بازار شوپیاں میں اُس وقت سنسنی اور خوف ودہشت کاماحول پھیل گیا جب کانگریس کے سابق صدر ضلع محمد شفیع بانڈے کے رہائشی مکان کے نزدیک گولیاں چلنے کی آوازیں سنائی دیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق علاقے میں کئی منٹوں تک گولیوں کا تبادلہ جاری رہا جس کی وجہ سے لوگ گھروںمیں سہم کررہ گئے۔

ذرائع نے بتایا کہ آٹھ بجکر 15منٹ کے قریب پہلے زور دار دھماکہ ہوا جس کے بعد فائرنگ شروع ہوئی ۔ یو پی آئی نے اس ضمن میں جب شوپیاں پولیس کے ساتھ رابط قائم کیا تو انہوںنے کہا کہ بونہ بازار علاقے میں محمد شفیع بانڈے کی حفاظت پر مامور اہلکاروں نے مشکوک افراد کی نقل وحرکت کے بعد ہوا میں چند راونڈ فائر کئے۔

ایجنسیز

Comments are closed.