شادی مرگ پلوامہ میں زور دار دھماکہ ، فائرنگ

سیکورٹی فورسز نے آس پاس علاقوں کو محاصرے میں لیا

پلوامہ:شام دیر گئے شادی مرگ پلوامہ میں فوجی کیمپ کے نزدیک زور دار دھماکہ کے بعد گولیاں چلنے کی بھی آوازیں سنائی دیں۔ معلوم ہوا ہے کہ 44آر آر کے کیمپ پر گرنیڈ حملہ کے بعد فائرنگ کی گئی ۔ دفاعی ذرائع کے مطابق آس پاس علاقوں کو محاصرے میں لے کر جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا گیا ہے۔

شام دیر گئے شادی مرگ پلوامہ میں اُس وقت سنسنی اور خوف ودہشت کا ماحول پھیل گیا جب 44آر آر کیمپ کے نزدیک زور دار دھماکہ ہوا جس کے بعد گولیاں چلنے کی آوازیں سنائی دیں۔ مقامی ذرائع نے بتایا کہ عسکریت پسندوں نے فوجی کیمپ پر گرنیڈ حملے کے بعد فائرنگ کی جس کے نتیجے میں آس پاس علاقوں کے لوگ گھروںمیں سہم کررہ گئے۔ معلوم ہوا ہے کہ حملے کے بعد سیکورٹی فورسز نے آس پاس علاقوں کو محاصرے میں لے کر بڑے پیمانے پر جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا۔

ذرائع نے بتایاکہ اضافی کمک کو طلب کرکے آس پاس علاقوں کو سیل کرکے بندشیں عائد کی گئی ہے۔ غیر مصدقہ اطلاع کے مطابق ایک خاتون زخمی ہوئی ہیں تاہم پولیس ذرائع نے اسکی تصدیق نہیں کی ۔ دفاعی ذرائع کے مطابق شادی مرگ پلوامہ میں فوجی کیمپ کے نزدیک زور دار دھماکہ کی آواز سنائی دی جس کے بعد حفاظت پر مامور اہلکاروں نے مشکوک افراد کی نقل وحرکت کے بعد ہوائی فائرنگ کی ۔ آخری اطلاعات موصول ہونے تک علاقے میں کشیدگی اور تناﺅ کا ماحول تھا جبکہ سیکورٹی فورسز نے تلاشی آپریشن کا دائرہ وسیع کیا۔ اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔ یو پی آئی

Comments are closed.