پلوامہ معرکہ آرائی ،جنگجو جاں بحق ،آپریشن ختم
پلوامہ : بابا گنڈ پلوامہ میں ہفتہ کی علی الصبح جنگجوئوںاور فوج وفورسز کے درمیان ہوئی خونین معرکہ آرائی میں ایک مقامی جنگجو کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ہے .
ایس ایس پی پلوامہ چندن کوہلی نے بابا گنڈ پلوامہ میں معرکہ آرائی میں ایک جنگجو کے جاںبحق ہونے کی تصدیق کی .
بتایا جاتا ہے کہ ہفتہ کی صبح یہاں اُس وقت طرفین کے مابین گولیوں کا شدید تبادلہ ہوا ،جب گائوں سے 55 آر آر کی "کیسپر گاڑی” جارہی تھی ،جس پر گھات میں بیٹھے جنگجوئوں نے فائرنگ کی .
فوجی گاڑی پر فائرنگ کے ساتھ ہی پورے علاقے کا محاصرہ کیا گیا اور ضافی فوج وفورسز کمک کو بھی طلب کیا گیا .
بتایا جاتا ہے کہ اس دوران علاقے میں موجود جنگجوئوں اور فوج و فورسز کے درمیان آمنا سامنا ہوا ،جسکے ساتھ ہی طرفین کے مابین شدید نوعیت کی گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا.
بتایا جاتا ہے کہ طرفین کے مابین دوبدو جھڑپ میں ایک جنگجو جا ں بحق ہوا ،جسکی خبررساں ادارے "جی این ایس ” کے مطابق شناخت شبیر احمد ڈار عرف مسولی ساکنہ سانبورہ کے بطور ہوئی .
مذکورہ خبر رساں ادارے نے مزید اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ علاقے میں جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر فوج ،ایس او جی اور سی آرپی ایف نے مشترکہ طور پر گھات لگایا تھا .
رپورٹ میںبتایا گیا ہے کہ فوج وفورسز کو یہ اطلاع ملی تھی فوجی اہلکار سے جنگجو بننے ظہور احمد ٹھوکر اور دیگرجنگجو یہاں موجود ہیں .
ابتدائی رپورٹس میں فورسز کو لگا تھا کہ اس معرکہ آرائی میں ٹھو کر جاں بحق ہوا تھا ،تاہم جاں بحق جنگجو کی شناخت شبیر احمد کے بطور ہوئی .
جی این ایس نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ معرکہ آرائی کے دوران ٹھوکر سمیت دو جنگجو فوج وفورسز کا محاصرہ توڑ کر فرار ہونے میںکامیاب ہوئے .
ادھر پلوامہ ضلعے میں موبائیل انٹر نیٹ خد مات پوری طرح سے منقطع کردیئے گئے ہیں جبکہ ضلعے میں امن وقانون کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور ممکنہ احتجاجی مظاہروں کے پیش نظر کرفیو نافذ کردیا گیا ہے .
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ پلوامہ میں معرکہ آرائی میں ایک جنگجو جاں بحق ہوا جسکی نعش اسلحہ اور گولی بارود سمیت برآمد کی گئی .
انہوں نے کہا کہ یہ آپریشن ختم ہو چکا ہے .لیکن ابھی تک جاں بحق جنگجو کی شناخت نہیں ہوسکی .
Comments are closed.