جموں ، (یو ا ین آئی) : جموں وکشمیر کے ضلع کٹھوعہ کے گورنمنٹ ڈگری کالج بنی میں کنٹریکچول بنیادوں پر کام کرنے والے سیاسیات کے لیکچرار توصیف احمد بٹ کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔
جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ سے تعلق رکھنے والے 30 سالہ توصیف احمد پر الزام ہے کہ وہ 29 ستمبر کو کالج میں ’سرجیکل اسٹرائیک ڈے‘ کی مناسبت سے منعقد ہونے والی ایک تقریب میں بجنے والے قومی ترانے کی تعظیم میں صحیح سے کھڑے نہیں ہوئے۔
ذرائع نے بتایا کہ 29 ستمبر کو ڈگری کالج بنی میں ’سرجیکل اسٹرائیک ڈے‘ کی مناسبت سے ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں قومی ترانہ بجایا گیا۔ تقریب کے آخر پر کچھ طالب علموں نے لیکچرار توصیف احمد کو گھیر لیا اور ان پر قومی ترانے کے دوران صحیح سے کھڑا نہ ہونے کا الزام لگایا۔
گذشتہ دو برسوں سے مذکورہ کالج میں بحیثیت کنٹریکچول لیکچرار تعینات توصیف پر الزام لگایا گیا کہ انہوں نے قومی ترانے کے دوران اپنا ایک ہاتھ اپنی جیب میں رکھا جبکہ دوسرا ہاتھ اپنی کمر کے پیچھے رکھا۔ ان پر مزید الزام لگایا گیا کہ انہوں نے اپنی ایک ٹانگ ٹیڑھی کرکے دیوارکے ساتھ لگا رکھی تھی۔
ذرائع نے بتایا کہ اگرچہ 29 ستمبر کو طالب علموں کے معمولی احتجاج کے بعد معاملہ ٹھنڈا پڑگیا، لیکن مبینہ طور پر کچھ باہری عناصر نے طالب علموں کو لیکچرار کے خلاف بھڑکایا۔ انہوں نے بتایا ’سینکڑوں کی تعداد میں طالب علموں نے بدھ کے روز کلاسوں کا بائیکاٹ کرکے کالج کے گراؤنڈ میں دھرنا دیا اور لیکچرار توصیف احمد کے خلاف نعرے لگائے‘۔ احتجاجی طلباء کالج لیکچرار کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے اور انہیں برطرف کرنے کا مطالبہ کررہے تھے۔
Comments are closed.