سری نگر ، (یو ا ین آئی) جموں وکشمیر میں محکمہ اسکولی تعلیم نے 29 ستمبر کو ریاست کے تعلیمی اداروں میں ’سرجیکل سٹرائیک ڈے‘ منانے اور اس حوالے سے 28 سے 30 ستمبر تک مختلف نوعیت کی تقریبات کا انعقاد کرنے کا باضابطہ حکم نامہ جاری کردیا ہے۔
حکم نامے میں ثبوت کے طور پر تین روز تک منعقد کی جانے والی سرگرمیوں پر ایک صفحہ کی رپورٹ، تصاویر اور ویڈیوز پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ منعقد کی جانے والی سرگرمیوں کو محکمہ اسکولی تعلیم کی ویب سائٹس پر اپ لوڈ کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔
تاہم ریاست میں یہ تقریبات اس دن شروع ہوئیں جب وادی کشمیر کے بیشتر تعلیمی ادارے مشترکہ مزاحمتی قیادت کی اپیل پر کی جانے والی ہڑتال کی وجہ سے بند تھے۔ اس طرح وادی کے بیشتر تعلیمی اداروں میں جمعہ کو ’سرجیکل سٹرائیک ڈے‘ کی کوئی تقریبات منعقد نہیں کی جاسکیں۔ مزاحمتی قیادت نے ہڑتال کی کال سری نگر کے ایک نوجوان کی ہلاکت کے خلاف دی تھی۔
نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے محکمہ اسکولی تعلیم کے حکم نامے پر اپنے ردعمل میں کہا ہے ’اسکولی بچوں سے کہا جارہا ہے کہ وہ سرجیکل سٹرائیک ڈے منائیں اور عہدیداروں سے کہا جارہا ہے کہ وہ ثبوت کے طور پر تعمیلی رپورٹیں بشمول ویڈیوز اور تصاویر پیش کریں‘۔
یاد رہے کہ بھارتی فوج اور مرکزی حکومت کا کہنا ہے کہ فوج نے 28 ستمبر 2016 کو کشمیر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے پار پاکستان زیر انتظام کشمیر میں ‘سرجیکل سٹرائیک‘ کرتے ہوئے جنگجوؤں کے تربیتی کیمپ تباہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔
Comments are closed.