سرینگر : عام شہری اور جنگجوئوں کی ہلاکت خلاف مشترکہ مزاحمتی قیادت سید علی گیلانی ،میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک کی جانب سے بلائی احتجاجی ہڑتال کے نتیجے میں وادی بھر میں معمولات زندگی مفلوج ہو کر رہ گئے .
وادی میں احتجاجی ہڑتال کے باعث معمول کاروباری اور عام سرگرمیاں پیر کے روز بری طرح سے متاثر ہو کر رہ گئیں.
دارلحکومت سرینگر سمیت وادی بھر کے تمام بازار ،کاروباری ادارے ،تجارتی مراکز ،پیٹرول پمپ ،سرکاری وغیر سرکاری تعلیمی ادارے بند رہے جبکہ وادی کی عدالتوں میں بھی روز مرہ کا کام کاج متاثر رہا .
اس دوران سڑکوں سے پبلک ٹرانسپورٹ جزوی طور پر غائب رہا ،چند ایک روٹوں پر مسافر اور نجی گاڑیاں چلتی ہوئی دیکھی گئیں .
ہڑتال کے باعث سرکاری دفاتر میں ملازمین کی حاضری کم دیکھنے کو مل رہی ہے .یہ ہڑتال چوگام کولگام میں معرکہ آرائی کے دوران 5 مقامی جنگجو اورفورسز کے ہاتھوں ایک عام شہری کی ہلاکت کے خلاف مزاحمتی قیادت کی کال پر کی جارہی ہے .
یاد رہے کہ چوگام قاضی گنڈ کولگام میں ایک خونین معرکہ آرائی جوجمعہ اور ہفتہ کی درمیانی رات کو شروع ہوئی تھی اور مسلسل 11 گھنٹوں تک جاری تھی ،میں عسکری تنظیم لشکرطیبہ کمانڈر سمیت پانچ مقامی جنگجوجاں بحق ہوئے تھے ،جن کی بعد میں شناخت گلزار احمد پڈر عرف سیف ساکنہ آڈیجن کولگام ،فیصل احمد راتھر عرف داﺅد ساکنہ یامرچ کولگام ،زاہد احمد میر عرف ہاشم ساکنہ او کے کولگام ،مسرور مولوی عرف ابو دردا ساکنہ فتح پورہ اننت ناگ اور ظہور احمد لون عرف رحمان بھائی ساکنہ ناگ ناڈ نور آباد ہانجی پورہ کے بطور ہوئی .
اس دوران جائے جھڑپ کے مقام پر عوامی مزاحمت کے دوران پھوٹ پڑے احتجاجی مظاہروں کے دوران فورسز کی فائرنگ سے ایک 24 سالہ نوجوان روف احمد خان ساکنہ الفاروق کالونی آنچی ڈورہ اننت ناگ جاں بحق ہواتھا .فورسز کارروائیوں اور خشت باری کے نتیجے میں متعدد فورسز اہلکاروں سمیت کئی افراد زخمی ہوئے تھے ،جن میں بیشتر چھرے لگنے سے زخمی ہوئے تھے .
خطہ پیر پنچال میں بھی ہڑتال
ادھر اطلاعات کے مطابق عام شہری اور پانچ جنگجوئوں کی ہلاکت کے خلاف خطہ پیر پنچال میں بھی ہڑتال ہے .
اطلاعات کے مطابق سرینگر،جموں شاہراہ پر واقع ضلع رام بن کے بانہال میں پیر کو ہلاکتوں کے خلاف کاروباری ادارے ،تجارتی مراکز بند رہے .ہائی وے قصبہ میں سڑکوں سے پبلک ٹرانسپورٹ غائب رہا .
ریل سروس معطل
ہلاکتوں کے خلاف احتجاجی ہڑتال اور ممکنہ احتجاجی مظاہروں کے خدشات کے پیش نظر پیر کو بارہمولہ ،بانہال ریل سروس بھی معطل رکھی گئی .
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ پیر کو بارہمولہ،بانہال سروس سیکیورٹی ایڈوائزی کی بنیاد پر معطل رکھی گئی .
ریلوے حکام کے مطابق سرینگر سے بڈگام اور بارہ مولہ کیلئے کوئی بھی ریل نہیں چلے گی ۔اس طرح سے سرینگر سے اسلام آباد اور قاضی گنڈ سے بھی ریل سروس معطل رہے گی ۔
سیکیورٹی کے کڑے بندوبست
وادی کشمیر میں پیر کے روز احتجاجی ہڑتال کے بیچ ممکنہ احتجاجی مظاہروں کے خدشات کے پیش نظر سیکیورٹی کے کڑے انتظامات کئے گئے .
شہر خاص اور سیول لائنز کے حساس علاقوں ،جہاں گڑھ بڑھ ہونے کے امکانات زیادہ رہتے ہیں ،میں پولیس اور فورسز اہلکاروں کی ا ضافی نفری تعینات کی گئی .
شہر خاص کے رعناواری ،نوہٹہ ،مہاراج گنج ،صفاکدل ،خانیار اور سیول لائنز کے مائسمہ اور کرالہ کھڈ پولیس تھانوں کے تحت گوکہ پابندی وبندشیں عائد نہیں تھی ،تاہم یہاں فورسز اہلکاروں کی بھاری نفری تعینات کی گئی .
Comments are closed.