ڈی آر آئی کا سری نگر میں 10 کروڑ روپے مالیت کی ہیروئن ضبط کرنے کا دعویٰ

سری نگر ، ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس (ڈی آر آئی) جموں وکشمیر نے ریاست کی گرمائی دارالحکومت سری نگر میں 10 کروڑ روپے مالیت کی ہیروئن ضبط کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ڈی آر آئی کی طرف سے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ’ڈی آر آئی کے عہدیداروں نے 9 ستمبر کو مصدقہ اطلاع کی بناء پر سری نگر میں مختلف جگہوں پر چھاپے مارے۔ اس دوران اعلیٰ معیار کی دو کلو گرام ہیروئن ضبط کی گئی‘۔

بیان میں کہا گیا کہ ضبط شدہ ہیروئن ایک رہائشی مکان کے کچن میں چاول کی بوری کے پیچھے چھائی گئی تھی۔ اس میں کہا گیا ’اسمگلنگ گینگ کے سرغنہ کو پکڑنے کے لئے تلاشی مہم شروع کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ڈی آر آئی کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) سے ملحقہ دیہات میں تلاشیاں لی جارہی ہیں‘۔

بیان میں کہا گیا ’ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ ضبط شدہ ہیروئن سرحد پار (پاکستان) سے یہاں لائی گئی ہے۔ شبہ ہے کہ اسے (ہیروئن کو) ایل او سی کے راستے کشمیر اسمگل کیا گیا ہے‘۔ بتادیں کہ جموں وکشمیر میں منشیات اسمگلنگ کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کے پیش نظر اب ڈائریکوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس بھی ریاست کے اندر حرکت میں آگئی ہے۔

ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس اہم انٹیلی جنس اور تحقیقاتی ایجنسی ہے جو سینٹرل بورڈ آف ان ڈائریکٹر ٹیکسز اینڈ کسٹمز(سی بی آئی سی، وزارت خزانہ )کے تحت آتی ہے جس کا کام کراس بارڈر اسمگلنگ بشمول منشیات، وائلڈ لائف اور وائلڈ لائف پراڈکٹس، جعلی ہندوستانی کرنسی نوٹس اور سونے وغیرہ پر گہری نظر رکھنا ہے۔

Comments are closed.