فورسز اور مظاہرین کے درمیان پُر تشدد جھڑپیں ، خاتون سمیت کئی مضروب
سرینگر/12اگست/سی این آئی: جنوبی ضلع پلوامہ کے سرنو علاقے میں اتوار کو اس وقت تشدد بھڑک اٹھا جب محاصرے کے دوران فورسز اور مشتعل مظاہرین میں پُر تشدد جھڑپیں ہوئی ۔جس دوران مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے فورسز نے ہوائی فائرنگ کی ۔جس دوران خاتون سمیت کئی افراد مضروب ہو گئے ۔ سی این آئی کے مطابق اتوار کے بعد دوپہر سرنو پلوامہ کے کھار محلہ میں جنگجوؤں کی موجودگی کی ایک مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد فوج ، سی آر پی ایف اور ایس او جی پلوامہ نے علاقے کو محاصرہ میں لیا اور تلاشی کارروائی شروع کی ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ جونہی فورسز نے علاقے میں تلاشی کارروائی شروع کی تو وہاں نوجوانوں کی ٹولیوں نے سڑکوں پر نکل کر احتجاجی مظاہرے شروع کئے جس دوران انہوں نے اسلام و آزادی کے حق میں نعرہ بازی کی ۔معلوم ہوا ہے کہ جونہی احتجاجی نوجوانوں نے جنگجو مخالف آپریشن میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کی تو وہاں فورسز نے ان کا تعاقب کیا جس دوران وہ مشتعل ہوئے اور انہوں نے فورسز پر سنگبازی کی۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اسی دوران فورسز کی مزید کمک علاقے کی طرف روانہ کی گئی جس دوران انہوں نے پورے گاؤں کا سیل کر دیا گیا جبکہ مشتعل مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے طاقت کا استعمال کیا ۔معلوم ہوا ہے کہ اسی دوران احتجاجی مظاہرین مزید مشتعل ہوئے اور تشدد پر اتر آئے جس دوران تشدد پر اتر آئی بھیڑ کو منتشر کرنے کیلئے فورسز نے ٹیر گیس شلنگ کے علاوہ پیلٹ چلائے جبکہ ہوا میں بھی گولیاں چلائی ۔ بتایا جاتا ہے کہ ٹیر گیس شلنگ اور پیلٹ فائرنگ کے نتیجے میں خاتون سمیت دیگر کئی افراد مضروب ہو گئے ۔ ضلع پولیس کے ایک افسر نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ علاقے میں جنگجوؤں کی موجودگی کے بعد علاقے کو محاصرے میں لیا گیا جس دوران کچھ افراد نے آپریشن میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کی جس دوران فورسز کو طاقت کا استعمال کرنا پڑا تاہم انہوں نے کسی کے زخمی سے متعلق کچھ بھی کہنے سے صاف انکار کیا ۔
Comments are closed.