سابق ممبر پارلیمان کرشنا کماری کا انتقال

سابق ممبر پارلیمان کرشنا کماری کا انتقال

جودھپور، 3 جولائی : جودھپور شاہی خاندانی کی رانی اور سابق ممبر پارلیمان محترمہ کرشنا کماری کا گزشتہ شب طویل علالت کے بعد انتقال ہوگیا۔ وہ 93 برس کی تھیں۔
محترمہ کرشنا کماری کو دل کے دورے پڑنے کے بعد کل رات ہی ایک پرائیویٹ اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں تقریباً ڈیڑھ بجے انہوں نے آخری سانس لی۔ پسماندگان میں ایک بیٹا اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔
سابق رانی کےانتقال کی اطلاع ملتے ہی پورے مارواڑ میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ سابق وزیراعلی اشوک گہلوت نے محترمہ کرشنا کماری کے انتقال پر شدید رنج کا اظہار کیا ہے۔
شاہی خاندان کے ذرائع کے مطابق محترمہ کرشنا کماری کا جسد خاکی امید بھون میں عوامی دیدار کے لیے رکھا گیا جہاں بڑی تعداد میں لوگ انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کےلئے پہنچ رہے ہیں۔ ان کی آخری رسومات آج دوپہر مہران گڑھ قلعہ کے جسونت تھڈا میں ادا کی جائیں گی۔
محترمہ کرشنا کماری 1971 میں جودھپور لوک سبھا سیٹ پر آزاد امیدوار کے طور پر منتخب ہوئی تھیں۔ انہوں نے لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ کے لئے جودھپور میں راج ماتا کرشنا دیوی گرلز اسکول قائم کیا تھا۔ اس کے ساتھ ہی ہند۔ پاک جنگ کے دوران جودھپور کے شہید ہونے والے فوجیوں کے کنبوں سے انفرادی طور پر تعزیت کی تھی۔
محترمہ کرشنا کماری کی پیدائش 10 فروری 1926 کو گجرات کے دھنگدھا میں ہوئی تھی۔ ان کی شادی 14 فروری 1943 کو اس وقت کے جودھپور کے شاہ ہنومنت سنگھ سے ہوئی تھی۔ ان کے بیٹے جگ سنگھ اور ایک بیٹی ممبر پارلیمان رہ چکی ہیں۔
یو این آئی.

Comments are closed.