جموں و کشمیر میں گورنر راج کو صدر کی منظوری

جموں و کشمیر میں گورنر راج کو صدر کی منظوری

نئی دہلی، 20 جون : صدر رام ناتھ كووند نے جموں و کشمیر میں گورنر راج لگانے کی گورنر این این ووہرا کی سفارش کو منظور کر لیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ریاست میں گورنر راج نافذ ہو گیا ۔ بدھ کو راشٹر پتی بھون کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ صدر نے جموں و کشمیر میں گورنر راج نافذ کرنے کی سفارش کو منظور کر لیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ریاست میں فوری طور سے گورنر راج نافذ ہو گیا۔
قابل ذکر ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے منگل کو ریاست کی مخلوط حکومت سے حمایت واپس لے لی تھی جس کے بعد وزیر اعلی محبوبہ مفتی نے اپنے عہدہ سے استعفی دے دیا تھا۔ مسٹر ووہرا نے ان واقعات کے پیش نظر ریاست میں گورنر راج نافذ کرنے کے لئے صدر کو اپنی سفارش بھیج دی تھی جو منگل کی رات وزارت داخلہ کے ذریعے صدر کو بھیجی گئی تھی۔
صدر فی الوقت سورینام کے دورے پر ہیں اور انہوں نے وہیں اس سفارش کو منظور کیا۔
قابل ذکر ہے کہ بی جے پی اور پی ڈی پی نے تین سال پہلے ریاست میں مخلوط حکومت بنائی تھی. بی جے پی نے منگل کو یہ کہتے ہوئے مخلوط حکومت سے حمایت واپس لے لی تھی کہ وزیر اعلی ریاست کے بگڑتے حالات کو قابو کرنے میں ناکام رہی ہیں اور جن مقاصد کیلئے وہ حکومت میں شامل ہوئی تھی وہ پورے نہیں ہوئے ہیں۔ لہذا اب اس کا حکومت میں رہنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔
یو این آئی

Comments are closed.