سرینگر:(یو پی آئی )قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے ) اور پولیس نے ذاکر موسیٰ گروپ سے وابستگی کے الزام میں کشمیر ، جالندھر اور نئی دہلی میں چھاپے مارے مزید دو افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ پچھلے تین دنوں سے تحقیقاتی ایجنسی نے پولیس کے اشتراک سے پانچ افراد کو گرفتار کیا جبکہ کئی مشتبہ افراد کو پوچھ تاچھ کے سلسلے میں طلب کیا گیا ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ پنچاب میں گرفتار تین کشمیری طالب علموں کے کیس کو بھی این آئی اے کے حوالے کیا گیا ہے۔ قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے ) نے کشمیر ، جالندھر اور نئی دہلی میں چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران مزید دو افراد کو حراست میں لیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ تحقیقاتی ایجنسی نے درمیانی رات کو لاجپت نگر دہلی میں کشمیری تاجر کے مکان پر چھاپہ ڈالا ۔ این آئی اے ذرائع نے بتایا کہ حوالہ لین دین معاملے میں نوجوان کو گرفتار کیا گیا ہے اور اُس سے پوچھ تاچھ ہو رہی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ تحقیقاتی ایجنسی نے جموں و کشمیر اور دہلی میں ذاکر موسیٰ گروپ سے وابستگی کے الزام میں چھاپہ مار کارروائیوں کا سلسلہ وسیع کیا ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ این آئی اے نے مزید دو نوجوانوں کو ترال میں گرفتار کیا ہے جن کی شناخت کوصغیہ راز میں رکھا گیا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جالندھر میں گرفتار کئے گئے تین کشمیری طالب علموں کے ساتھ ان دونوں نوجوانوں کے رابطے تھے اس لئے انہیں گرفتار کیا گیا اور اُن کی جنگجو تنظیم کے ساتھ وابستگی کو بھی این آئی اے نے خارج از امکان قرار نہیں دیاہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقاتی ایجنسی نے جالندھر میں گرفتار کئے گئے تین کشمیری نوجوانوں سے بڑے پیمانے پر پوچھ تاچھ شروع کی ہے اور اُن کے کہنے پر ہی چھاپہ مار کارروائیاں شروع کی گئی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ جنوبی کشمیر کے کئی علاقوں میں پچھلے تین دنوں سے پولیس اور این آئی ٹیموں نے بڑے پیمانے پر چھاپہ مار کارروائیاں شروع کیں جس دوران کئی مشتبہ افراد کو سیکورٹی ایجنسیوں نے گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے اور اُن سے پوچھ تاچھ بھی ہو رہی ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ نئی دہلی میں بھی این آئی اے نے مشتبہ نوجوانوں کو ڈھونڈ نکالنے کیلئے کارروائی شروع کی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مشتبہ نوجوانوں کا جنگجو تنظیم کے ساتھ قریبی رابطے ہیں اور اُنہیں گرفتار کرنے کیلئے نئی دہلی میں بڑے پیمانے پر چھاپے ڈالے جار ہے ہیں۔
ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ جموں وکشمیرپولیس ، پنجاب اور دہلی پولیس نے مشترکہ طورپر ذاکر موسیٰ گروپ سے وابستگی رکھنے والے افراد کو تلاش کرنے کیلئے چھاپہ مار کارروائیوں میں شدت لائی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ آنے والے دنوں کے دوران مزید گرفتاریوں کو خارج از امکان قرار نہیں دیاجارہاہے۔
Comments are closed.