کولگام میں تین ہفتوں میں 14 منشیات فروش گرفتار

جموں و کشمیر میں کلگام پولیس نے گزشتہ تین ہفتوں کے دوران نارکوٹک ڈرگز اینڈ سائیکوٹریپک سبسٹینسز ایکٹ (این ڈی پی ایس ایکٹ) کے تحت 10 مقدمات درج کیے ہیں اور ضلع میں منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف جاری مسلسل مہم کے دوران 14 اسمگلروں کو گرفتار کیا ہے۔

پولیس نے پیر کے روز بتایا کہ ان مقدمات میں قاضی گنڈ پولیس تھانے میں درج نو ایف آئی آر اور دیوسر پولیس تھانے میں درج ایک رپورٹ شامل ہے۔ ان کارروائیوں کے دوران پولیس نے 415.61 گرام ہیروئن، 1,348 گرام چرس، 1.5 کلوگرام بھانگ کے پتے اور 1,37,990 روپے نقد برآمد کیے ہیں۔

پولیس کے مطابق تفتیش کے دوران اسمگلنگ کے کئی روابط کا پتہ چلا، جس کے نتیجے میں مزید گرفتاریاں ہوئیں اور ایک منظم منشیات نیٹ ورک کا پردہ فاش ہوا۔ ایک بڑے معاملے میں پولیس نے کوریگام میں دو ملزمان سے 278 گرام ہیروئن اور 17,100 روپے برآمد کیے۔
مزید تفتیش میں جموں میں ایک لنک سامنے آیا، جہاں تلاشی کے دوران 262 گرام ہیروئن برآمد ہوئی اور ایک بین الضلعی منشیات سنڈیکیٹ کا انکشاف ہوا۔ دیگر معاملات میں مختلف ایف آئی آرز کے تحت الگ الگ مقامات پر ناکہ چیکنگ اور چھاپہ ماری کے دوران کئی ملزمان سے چرس پاؤڈر، ہیروئن اور گانجہ جیسے نشہ آور مادے بھی برآمد کیے گئے۔

کلگام کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس عنایت علی چودھری نے کہا کہ پولیس نے منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی ہے اور اس کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ منشیات کی اسمگلنگ سے متعلق معلومات شیئر کریں اور مخبروں کی شناخت کو خفیہ رکھنے کا یقین دلایا۔

پولیس نے کہا کہ ضلع میں منشیات کے نیٹ ورک کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے انسدادِ منشیات مہم جاری رہے گی۔

Comments are closed.