چیف جسٹس آف اِنڈیا جسٹس کا لداخ کا دورہ، کلیدی عدالتی ڈھانچے کا اِفتتاح
چیف جسٹس آف انڈیا (سی جے آئی) جسٹس سوریا کانت آج ایک سرکاری دورے پریوٹی لداخ کے شہر آج لیہہ پہنچے۔
اُن کی آمد پر لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر ونائی کمار سکسینہ اور چیف جسٹس جموںوکشمیر اور لداخ جسٹس ارون پلی نے ہائی کورٹ کے دیگر ججوں کے ساتھ اُن کا والہانہ اور شاندار اِستقبال کیا۔ اِس موقعہ پرچیف سیکرٹری لداخ، ڈائریکٹر جنرل آف پولیس لداخ، جنرل آفیسر کمانڈنگ 14 کور، رجسٹرار جنرل اور سول اِنتظامیہ، عدلیہ، فوج اور پولیس کے سینئر افسران سمیت دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔
چیف جسٹس آف اِنڈیا کو اعزازی گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جس کے بعد لداخ کے شاندار ثقافتی ورثے کو اُجاگر کرتے ہوئے روایتی اِستقبال کیا گیا۔ اِس کے بعد معزز چیف جسٹس نے لیفٹیننٹ گورنر، معزز ججوں اور ضلع لیہہ کے سینئر اَفسران سے ملاقات کی۔
دورے کے دوران جسٹس سوریا کانت لیہہ اور کرگل میں نئے تعمیر شدہ ڈِسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس اور لداخ لیگل سروسز اتھارٹی کے دفتر کا اِفتتاح کریں گے جس سے جدید سہولیات کے ساتھ انصاف تک رسائی مزید بہتر ہوگی۔ اِس کے علاوہ ایک میگا لیگل سروسز کیمپ اور بیداری پروگرام بھی منعقد کیا جا رہا ہے جس کا مقصد مقامی آبادی میں قانونی بیداری اور رَسائی کو بڑھانا ہے۔
یہ دورہ جولائی 2025 میں ایس کے آئی سی سی سری نگر میں منعقدہ نارتھ زون کانفرنس کا تسلسل بھی ہے جس کا موضوع ”دفاعی عملے اور قبائلی طبقات کے لئے آئینی تصورِ انصاف کی تجدید: خلا کو پُر کرنا“ تھا۔ اس سلسلے میں چیف جسٹس فوجی اہلکاروں سے بھی بات چیت کریں گے تاکہ اِدارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنایا جا سکے اور ان کے قانونی مسائل کا حل تلاش کیا جا سکے۔
یہ دورہ لداخ کے دور دراز اور مشکل جغرافیائی حالات والے علاقے میں عدالتی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور اِنصاف تک رَسائی کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ یہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ عدلیہ ملک کے تمام خطوں میں مو¿ثر اور جامع اِنصاف کی فراہمی کے لئے پُرعزم ہے۔
Comments are closed.