کٹھوعہ میں سرحدی علاقوں کا تفصیلی سیکورٹی جائزہ، مشکوک سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت

جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع کٹھوعہ میں بدھ کے روز سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) محیتا شرما نے سرحدی علاقوں کا جامع دورہ کرکے سیکورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا اور پولیس کو ہدایت دی کہ نرسری علاقوں میں مشکوک نقل و حرکت روکنے کیلئے باقاعدہ سرچ آپریشنز چلائے جائیں۔

سرکاری ذرائع کے مطابق ایس ایس پی محتا شرما، آپریشنز افسران کے ہمراہ بین الاقوامی سرحد سے متصل کئی سرحدی پولیس پوسٹوں، نرسریوں اور ملحقہ حساس علاقوں کے معائنہ پر روانہ ہوئیں۔ اس دورے کا مقصد زمینی حالات، فورسز کی تیاریوں اور سیکورٹی ایجنسیوں کے درمیان تال میل کا جائزہ لینا تھا۔

اس دوران ٹیم نے ہریا چک نرسری کے حساس علاقے میں بھی گشت کیا جہاں ایس ایس پی نے ہدایت دی کہ علاقے میں مسلسل سرچ آپریشن کیے جائیں تاکہ کسی مشکوک عنصر کی موجودگی بروقت شناخت کی جا سکے۔

ہریا چک بارڈر پولیس پوسٹ کے معائنے میں ایس ایس پی نے زور دیا کہ تمام سرحدی پولیس پوسٹوں اور ناکہ پوائنٹس پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں تاکہ نگرانی مزید مو¿ثر بنائی جا سکے۔ انہوں نے مقامی رہائشیوں کے ساتھ قریبی رابطے کو بھی ضروری قرار دیا تاکہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع مل سکے۔بعد ازاں ٹیم نے مہاراج پور بارڈر پولیس پوسٹ کا دورہ کیا اور جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔ ایس ایس پی نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ تعمیراتی عمل میں تیزی لائی جائے اور سیکورٹی معیار کو پوری طرح مدنظر رکھا جائے۔کٹھوعہ پولیس نے اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا کہ سرحدی علاقے کی سلامتی اور امن برقرار رکھنے کیلئے فعال پولیسنگ، سخت نگرانی اور بین الادارہ جاتی تعاون مزید مضبوط کیا جائے گا۔

Comments are closed.