فوج کی شمالی کمان کے سربراہ کا کشتواڑ دورہ، آپریشنل تیاریوں کا لیا جائزہ

فوج کی شمالی کمان کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل پراتیک شرما نے پیر کے روز کشتواڑ کے حساس سیکٹر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مجموعی سیکورٹی گرڈ، آپریشنل تیاریوں اور جاری انسدادِ دہشت گردی کارروائیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران انہوں نے کمانڈ چین میں شامل افسروں کے ساتھ اہم نوعیت کی میٹنگیں کیں اور خطے کی موجودہ سلامتی صورتحال پر مفصل تبادلہ خیال کیا۔

فوجی حکام کے مطابق آرمی کمانڈر نے اگلی چوکیوں کا معائنہ کیا اور جوانوں سے براہِ راست بات چیت کی، جنہیں انہوں نے مشکل موسم، دشوار گزار پہاڑی علاقوں اور چیلنجنگ آپریشنل حالات کے باوجود بہترین پیشہ ورانہ کارکردگی پر سراہا۔ انہوں نے کہا کہ کشتواڑ، ڈوڈہ اور رام بن کے پہاڑی علاقوں میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے فوج کی مسلسل کارروائیاں قابلِ تعریف ہیں اور اس نے خطے میں امن و استحکام کے قیام کو مضبوط بنیاد فراہم کی ہے۔لیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما نے جوانوں کے جذبے اور عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ خراب موسم اور برف سے ڈھکی دشوار گزار گھاٹیوں میں بھی فوج نے نہ صرف آپریشنل برتری برقرار رکھی ہے بلکہ دہشت گردوں کے ممکنہ نیٹ ورک، نقل و حرکت اور روابط کو مو¿ثر طریقے سے ناکام بنایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فوج کے مستعد جوان خطے کی سلامتی کے مضبوط ستون ہیں اور ان کی لگن اور قربانی کو قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔دورے کے دوران آرمی کمانڈر نے کمانڈروں کو ہدایت دی کہ آپریشنز کا تسلسل برقرار رکھا جائے اور سیکورٹی ایجنسیوں کے ساتھ قریبی تال میل کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھی جائیں تاکہ خطے میں دیرپا امن کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے پولیس، سی آر پی ایف اور دیگر فورسز کے ساتھ ہم آہنگی کو موجودہ حالات میں نہایت اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ مربوط حکمتِ عملی ہی دشمن کے عزائم کو پوری طرح ناکام بنا سکتی ہے۔انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ تکنیکی نگرانی، انٹیلی جنس شیئرنگ اور جدید آلات کا بہتر استعمال انسدادِ دہشت گردی کارروائیوں کو مزید مضبوط بنائے گا، جبکہ مقامی آبادی کے ساتھ بہتر تعلقات اور اعتماد سازی کے اقدامات امن کے ماحول کو آگے بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔

لیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما نے اپنے دورے کے اختتام پر جوانوں کی بہادری کو سلام پیش کیا اور کہا کہ فوج ہر موسم اور ہر صورتحال میں ملک کی سرحدوں اور اندرونی سلامتی کے تحفظ کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ امن دشمن عناصر کو کسی بھی صورت دوبارہ سر ا±ٹھانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

Comments are closed.