وزیرا علیٰ کی شب قدرکی مقدس رات کے موقعہ پر جموں کشمیر کے لوگوں کو مُبارک باد
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے شبِ قدر (لیلة القدر) کے موقعہ پر جموں و کشمیر کے لوگوں کو دلی مُبارک باد پیش کی ہے جو آج رات مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے اَپنے مُبارک بادی کے پیغام میں اس بابرکت رات کی عظیم روحانی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ مقدس رات رمضان المبارک کے آخری عشرے میں آتی ہے اور شب قدر ہمیں اللہ تعالیٰ سے بخشش ، رحمت اِلٰہی اور برکتیں حاصل کرنے کا موقعہ فراہم کرتی ہے ۔
اُنہوں نے کہا کہ شبِ قدر اہلِ ایمان کو عبادت و دعا میں مشغول ہونے، اللہ تعالیٰ سے مغفرت طلب کرنے اور ہمدردی، عاجزی اور خدمتِ انسانیت جیسی اعلیٰ اقدار کے ساتھ اَپنے عزم کو مضبوط کرنے کا موقعہ فراہم کرتی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے اُمید ظاہر کی کہ اس بابرکت رات میں کی جانے والی دُعائیں جموں و کشمیر اور پورے ملک میں امن، خوشحالی اور ہم آہنگی کا سبب بنیں گی۔
اُنہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اس موقعہ پر غریبوں اور ضرورت مندوں کو یاد رکھیں اور اتحاد، بھائی چارے اور باہمی احترام کے اس جذبے کو برقرار رکھیں جو ماہِ رمضان کی اصل روح ہے۔
وزیر اعلیٰ نے لوگوں کی خوشحالی اور سلامتی کے لئے دعا کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ اس مقدس رات کی برکتیں ہر گھرانے کے لئے امن، خوشی اور ترقی کا ذریعہ بنیں۔
Comments are closed.