اونتی پورہ میں اعلیٰ سطحی سیکورٹی میٹنگ، ملک دشمن عناصر کیخلاف کارروائیوں میں سرعت لائی جائے:پولیس سربراہ

جموں و کشمیر کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نالین پربھات نے ہفتے کے روز پولیس ضلع اونتی پورہ میں مجموعی سکیورٹی، انسداد دہشت گردی آپریشنز اور امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔

یہ جائزہ اجلاس ضلع پولیس دفتر اونتی پورہ میں منعقد ہوا جس میں سکیورٹی سے متعلق مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کے ہمراہ اسپیشل ڈی جی کوآرڈینیشن پولیس ہیڈکوارٹرز جموں و کشمیر ایس جے ایم گیلانی، انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر زون وی کے بردی اور ڈپٹی انسپکٹر جنرل ساؤتھ کشمیر رینج جاوید اقبال متو بھی موجود تھے۔

میٹنگ میں سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اونتی پورہ، ایڈیشنل ایس پی اونتی پورہ، مختلف سب ڈویژنل پولیس افسران (ایس ڈی پی اوز) اور اسپیشل آپریشنز گروپ کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹس سمیت دیگر سینئر پولیس افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران ڈی جی پی نے ضلع میں موجودہ سکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر خاص طور پر جاری انسداد دہشت گردی کارروائیوں پر توجہ مرکوز کی گئی۔ حکام نے علاقے میں سکیورٹی صورتحال، انٹیلی جنس معلومات اور جاری آپریشنز کے بارے میں ڈی جی پی کو تفصیلی بریفنگ بھی دی۔

میٹنگ میں منشیات کے بڑھتے ہوئے استعمال اور اس سے جڑے جرائم کے خلاف اٹھائے جا رہے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پولیس حکام نے ڈی جی پی کو بتایا کہ ضلع میں منشیات کے کاروبار کو روکنے اور اس میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں۔
ڈی جی پی نے اجلاس کے دوران ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ملک دشمن عناصر، منشیات کے کاروبار اور دیگر جرائم میں ملوث افراد کے خلاف کارروائیوں کو مزید تیز کیا جائے۔ انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت دی کہ ایسے عناصر کے خلاف سخت اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ علاقے میں امن و امان کو برقرار رکھا جا سکے۔
انہوں نے پولیس افسران اور اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کی انجام دہی کے دوران مکمل چوکس رہیں اور پیشہ ورانہ انداز میں فرائض سرانجام دیں۔ ڈی جی پی نے کہا کہ موجودہ حالات میں فعال پولیسنگ اور انٹیلی جنس پر مبنی کارروائیاں انتہائی ضروری ہیں۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مختلف سکیورٹی ایجنسیوں اور پولیس یونٹس کے درمیان مضبوط رابطہ اور بہتر ہم آہنگی برقرار رکھی جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا بروقت مقابلہ کیا جا سکے۔
ڈی جی پی نے پولیس افسران اور جوانوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مشکل حالات میں بھی اپنی ذمہ داریاں بخوبی انجام دی ہیں۔ انہوں نے تمام اہلکاروں کو ہدایت دی کہ وہ آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیتے رہیں اور علاقے میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں امن و امان کو برقرار رکھنا پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ اجلاس کے اختتام پر ڈی جی پی نے پولیس افسران کو ہدایت دی کہ وہ اپنی کارروائیوں کو مزید مؤثر بنائیں اور عوام کے ساتھ بہتر رابطہ قائم رکھتے ہوئے علاقے میں امن و سلامتی کو یقینی بنائیں۔

Comments are closed.