پلوامہ پولیس کی بروقت کارروائی، شدید برف باری میں پھنسے گوجر خاندانوں اور کمسن بچے کی جان بچائی

سری نگر،23 جنوری

وادی کشمیر میں بھاری برف باری کے نتیجے میں جہاں عام زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے وہیں پلوامہ پولیس نے انتہائی مشکل حالات کے باوجود انسانی جانوں کو محفوظ رکھنے کے لئے قابلِ ستائش اور بروقت اقدامات کرتے ہوئے کئی متاثرہ گوجر خاندانوں اور ایک کمسن بچے کو زندہ بچا لیا۔ مسلسل برف باری، گرج چمک اور منفی درجہ حرارت کے باوجود پولیس ٹیمیں ضلع کے مختلف علاقوں میں سرگرم رہیں اور حساس مقامات پر رہنے والے کمزور طبقے کے لوگوں تک پہنچ کر انہیں محفوظ مقامات تک منتقل کیا۔

پولیس ترجمان کے مطابق راجپورہ علاقے میں ایک گوجر خاندان کے جگی میں موجود بیمار شخص کی حالت بگڑنے کی اطلاع پر پولیس پارٹی فوری طور وہاں پہنچی اور شدید برف باری کے باوجود پیدل چل کر متاثرہ شخص تک رسائی حاصل کی۔ اہلکاروں نے مشکل راستے اور خراب موسم کی پرواہ کیے بغیر بیمار شخص کو اٹھا کر محفوظ مقام تک پہنچایا اور وہاں سے سب ڈسٹرکٹ ہسپتال راجپورہ منتقل کیا جہاں اس کا فوری علاج شروع کر دیا گیا۔

اسی دوران شادی مرگ کے چک ڈینجرپورہ علاقے میں چھ سالہ محمد عباد کی طبی حالت خراب ہونے کی اطلاع موصول ہونے پر پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بچے کو اس کے گھر سے ریسکیو کیا اور سخت موسم کے باوجود اسے بحفاظت ہسپتال پہنچایا۔ ڈاکٹروں کے مطابق بچے کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی اور اس کی حالت اب بہتر ہے۔ علاقے کے لوگوں نے اس کارروائی کو پولیس کا انتہائی انسانیت دوست اقدام قرار دیا ہے۔

اس پوری کارروائی میں پولیس نے جس بہادری، ہمدردی اور فرض شناسی کا مظاہرہ کیا، اسے مقامی آبادی نے دل سے سراہا ہے۔ پلوامہ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ خراب موسم کے دوران احتیاط برتیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں قریبی پولیس یونٹ یا کنٹرول روم سے فوری رابطہ کریں تاکہ بروقت مدد فراہم کی جا سکے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ عوام کی حفاظت، انسانی جانوں کا تحفظ اور مشکل وقت میں کمیونٹی کی مدد کرنا ان کی اولین ترجیح ہے اور یہ سلسلہ خراب موسم کے باوجود مسلسل جاری رہے گا۔

Comments are closed.