جتیندر سنگھ کا ڈاکٹرفاروق عبداللہ کو تاریخ کو پھر سے پڑھنے کا مشورہ

جموں: وزیر اعظم کے دفتر میں مرکزی وزیر مملکت جتیندر سنگھ نے کہا کہ محمد علی جناح کے زور دینے پر ہی 1947 میں ملک تقسیم ہوا۔ مسٹر سنگھ نے جناح کے پیروکاروں، بالخصوص نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر اعلی فاروق عبداللہ کا نام لئے بغیر، طنز کرتے ہوئے انہیں تاریخ کوپھر سے پڑھنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے ایسے بیانات کو بالکل ‘بے بنیاد’ بتایا جس میں کہا گیا ہے کہ جناح ہندوستان کی تقسیم کے مخالف تھے ۔

قابل غور ہے کہ مسٹر فاروق عبداللہ نے کہا تھا کہ ملک کی تقسیم کے لئے جناح ذمہ دار نہیں تھے ۔ انہوں نے تقسیم کے لئے جواہر لال نہرو، مولانا عبدالکلام آزاد اور سردار پٹیل کو ذمہ دار ٹھہرایا تھا۔ ڈاکٹر سنگھ نے تاریخ کے حقائق کے حوالہ سے کہا کہ بہت سے حوالہ ہیں کہ بابائے قوم مہاتما گاندھی ہندوستان کی تقسیم کے امکان پر گہری مایوسی اور انتہائی ہی دکھی تھے ۔ باپو، جناح کے پاس ایک تجویز لے کر بھی گئے تھے کہ اگر وہ پاکستان کی مانگ کو واپس لینے پر راضی ہوتے ہیں تو وہ (مسٹر گاندھی) کانگریس کو جناح کو ہندوستان کے وزیر اعظم کے طور پر قبول کرنے کے لئے راضی کریں گے ۔ انہوں نے کہا، جناح اس تجویز سے متاثر نہیں ہوئے تھے کیونکہ انہیں معلوم تھا کہ ہندوستان کے وزیر اعظم کے طور پر منظوری حاصل کرنا ان کے لئے آسان نہیں ہو گا اور اس وجہ سے ، انہوں نے (مسٹر جناح) نے پاکستان کی مانگ پر زور دیا۔

ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ مسلمان سمیت اکثریتی حصہ 1947 میں تقسیم کے خلاف تھا اور یہ بنیادی طور پر چند سیاستدانوں کے سیاسی عزائم سے ہوا۔ یہاں جموں یونیورسٹی کی ایک تقریب کے دوران کل انہوں نے کہا”پروگریسیو مصنفین فورم کے کیفی اعظمی، عصمت چغتائی ، محسن بھوپالی اور بہت سے دوسرے معروف مسلم دانشوروں نے بھی تقسیم کی زبردست مخالفت کی تھی”۔ سردار پٹیل کے کردار کا ذکر کرتے ہوئے ڈاکٹر سنگھ نے کہا، یہ تاریخ کی ناکامی ہے کہ جب وزیر داخلہ کے طور پر ہندوستانی یونین کی دیگر تمام ریاستوں سے نمٹنے کے لئے مسٹر پٹیل کو کھلی چھوٹ تھی لیکن جموں کشمیر کے معاملہ میں اس وقت کے وزیر اعظم جواہر لال نہرو نے مسٹر پٹیل کو ویسی آزادی نہیں دی کیونکہ مسٹر نہرو کا خیال تھا کہ وہ کشمیر کو دوسروں سے بہتر جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا”اگر مسٹر پٹیل کو جموں و کشمیر سے نمٹنے کے لئے ویسی ہی چھوٹ دی گئی ہوتی تو آج برصغیر کی تاریخ ہی الگ ہوتی اور جموں و کشمیر کا وہ حصہ جو اس وقت پاکستان کے غیر قانونی قبضے میں ہے ، ہندوستان کے ساتھ ہوتا”۔

آزادی کے بعد کے برسوں میں نیشنل کانفرنس اور اس کے بانی رہنما شیخ عبداللہ کے کردار کے بارے میں پوچھے جانے پر ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ بہت سے طالع آزما ایڈجسٹ کئے گئے ، جس کی انتہائی حد 1975 میں اندرا-شیخ معاہدے کے نوٹس میں آئی۔کشمیر کی موجودہ صورت حال کے لئے ڈاکٹر سنگھ نے کانگریس اور اس کے شراکت داروں کی طرف سے کی گئی غلطیوں اور گمراہ کن تجربات کے سلسلہ کا نتیجہ قرار دیا۔یو این آئی

Comments are closed.