نوجوانوں کی امیدیں اور خواب صرف پرامن ماحول میں ہی پنپ سکتے ہیں/لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا

رپورٹ ۔۔۔۔ مجید شیری

سرینگر /29جولائی / نوجوانوں کی امیدیں اور خواب صرف پرامن ماحول میں ہی پنپ سکتے ہیں کی بات کرتے ہوئے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ میں اپنی فوج کی لگن اور عزم کو سلام پیش کرتا ہوں۔ وہ نہ صرف ملک کے اتحاد اور سالمیت کی حفاظت کر رہے ہیں بلکہ اس خطے کے متحرک ثقافتی ورثے کے محافظ کے طور پر بھی سرگرم عمل ہیں

لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے بارہمولہ میں کشمیر کی ثقافت کو منانے والے ایک میگا پروگرام کشور رواج 2025 میں شرکت کی۔اس دوران اپنے خطاب میں لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے بارہمولہ کے 20ہزار نوجوانوں کو تاریخ رقم کرنے اور عالمی ریکارڈ کا اعزاز حاصل کرنے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی۔انہوں نے کہا ” لدیشاہ اور خطاطی کے لیے اکٹھے ہو کر، آپ نے ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے۔ یہ کارنامہ معاشرے کے ہر طبقے میں اپنے ورثے سے دوبارہ جڑنے، ان کی ثقافت کو اپنانے اور اپنی اقدار کو برقرار رکھنے کے لیے ایک تحریک کا کام کرے گا۔ “ انہوں نے قابل ستائش کوشش پر ہندوستانی فوج اور ضلعی انتظامیہ بارہمولہ کی بھی تعریف کی۔

منوج سنہا نے کہا ” میں اپنی فوج کی لگن اور عزم کو سلام پیش کرتا ہوں۔ وہ نہ صرف ملک کے اتحاد اور سالمیت کی حفاظت کر رہے ہیں بلکہ اس خطے کے متحرک ثقافتی ورثے کے محافظ کے طور پر بھی سرگرم عمل ہیں اور ہمارے نوجوانوں کے خوابوں اور امنگوں کو پورا کرنے کے لیے مسلسل جدوجہد کر رہے ہیں“ ۔

انہوں نے کہا کہ تنوع میں اتحاد ہندوستان کی عظیم ثقافت کی پہچان ہے۔ ہندوستانی فوج نے سماجی فائدے کیلئے اس طاقت کو استعمال کرنے کے لیے مسلسل کام کیا ہے، نوجوانوں کے لیے ادب، موسیقی، آرٹ اور کھیلوں کے ذریعے قومی اتحاد کو مضبوط کرنے کے مواقع پیدا کیے ہیں۔لیفٹنٹ گورنر نے وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں حکومت ہند اور جموں و کشمیر انتظامیہ کے جموں و کشمیر کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ مکمل حکومتی نقطہ نظر کے ساتھ، ہم جموں کشمیر کے نوجوانوں کی امنگوں کو قوم کی امنگوں کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔لیفٹنٹ گورنر نے مزید کہا ”نوجوانوں کی امیدیں اور خواب صرف پرامن ماحول میں ہی پنپ سکتے ہیں۔ پاکستان کی حمایت یافتہ دہشت گردی اور علیحدگی پسندی نے جموں و کشمیر کا امن، ترقی اور نوجوانوں کی امنگوں کو چھین لیا تھا۔ اب جموں و کشمیر تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ “

لیفٹنٹ گورنر نے آپریشن مہادیو کو کامیابی کے ساتھ انجام دینے کیلئے قوم اور جموں و کشمیر کی جانب سے فوج، نیم فوجی اور پولیس فورس کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ زبان، فرقہ اور مذہب سے اوپر اٹھ کر عوامی بدامنی پھیلانے والوں کا اجتماعی مقابلہ کریں۔انہوں نے کہا ” معاشرے میں پریشان کن عناصر ہیں جو دہشت گردی اور معصوم جانوں کے قتل کو جواز فراہم کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور لاکھوں نوجوانوں کی خواہشات اور خوابوں کو یرغمال بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔ ایسے افراد کو بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے۔ “

Comments are closed.