پہاڑی علاقوں میں تازہ برف باری ،میدانی علاقوں میں بارشیں، مزید بارشیں متوقع

سری نگر، یکم جون

وادی کشمیر کے کئی پہاڑی علاقوں میں دوران شب تازہ برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کے بیچ محکمہ موسمیات نے 3 جون تک مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔
متعلقہ محکمے کے مطابق سری نگر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 11.0 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ اس دوران سیاحتی مقامات پہلگام اور گلمرگ میں بالترتیب36.8 ملی میٹر اور16.0 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 9.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ اس دوران بارہمولہ اور قاضی گنڈ میں بالترتیب 31.0 ملی میٹر اور 22.7 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
وادی کے کئی پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری ہوئی ہے جس کی وجہ سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق پہاڑی علاقوں میں رہنے والے لوگوں نے ایک بار پھر گرم لباس زیب تن کیا ہے جبکہ کچھ علاقوں میں لوگوں نے گرمی کے لئے استعمال کی جانے والے روایتی ‘کانگڑی’ کی خدمات بھی حاصل کی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان مطابق وادی میں 3 جون تک مزید بارشوں کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ وادی میں یکم جون کو موسم عام طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے اور اس دوران کئی مقامات پر دو پہر کے بعد بارشوں کے مختصر مرحلوں کا امکان ہے اور اس دوران تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 2 اور 3 جون کو بھی کئی مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارشوں کا امکان ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ 4 سے 6 جون رک موسم عام طور پر خشک رہنے کا امکان ہے اور اس دوران دو پہر کے بعد کہیں کہیں مختصر بارشوں کے مرحلے ممکن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وادی میں 7 اور 8 جون کو بھی کم و بیش موسم کی یہی صورتحال جاری رہ سکتی ہے۔
محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں کہا کہ وادی میں 2 جون کو دوپہر کے بعد گرج چمک کے ساتھ تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔
لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اس دوران کمزور تعمیراتی ڈھانچوں، بجلی کھمبوں، ڈھیلی تاروں اور پرانے درختوں کے نزدیک جانے سے گریز کریں۔
ادھر بارشوں کی وجہ سے شہر سری نگر کے مختلف علاقوں میں سڑکیں زیر آب ہیں۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ سڑکوں پر اس قدر پانی جمع ہے کہ پیدل چلنے والوں کا چلنا پھرنا از بس مشکل بن گیا ہے۔

Comments are closed.