بڈگام کے کاوسہ علاقے میں فوج و فورسز اور جنگجوئوں کے مابین مسلح تصادم جاری

رہائشی مکان میں دو سے تین جنگجو محصور ، پورا علاقہ سیل ، فوج فورسز کی مزید کمک طلب

سرینگر/07ستمبر/سی این آئی// وادی کے شمال و جنوب میں جنگجوئوں مخالف آپریشنوں میں تیزی کے بیچ وسطی ضلع بڈگام کے کاوسہ علاقے میں فوج و فورسز اور جنگجوئوں کے مابین مسلح تصادم آرائی جاری ہے ۔ پولیس نے جھڑپ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ علاقے میں آپریشن جاری ہے ۔ سی این آئی کو دفاعی ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ بڈگام کے کاوسہ خالصہ علاقے میں دو سے تین جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد فوج ، سی آر پی ایف اور بڈگام پولیس نے مشتر کہ طور پر سوموار کے بعد دوپہر علاقے کو محاصرہ میں لیا اور وہاں تلاشی کارورائی شروع کر دی ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ جو نہی فوج و فورسز نے علاقے میں تلاشی کارورائی شروع کر دی تو وہاں ایک رہائشی مکان میں چھپے بیٹھے جنگجوئوں نے فرار ہونے کی کوشش کی اور فوج و فورسز پر اندھا دھند گولیاں چلائی جس کے ساتھ ہی فوج و فورسز نے بھی مورچہ زن ہوکر جوابی کارورائی شروع کی اور طرفین کے مابین دو بدو جھرپ شروع ہوئی ۔ علاقے میں جھڑپ شروع ہونے کے ساتھ ہی فوج و فورسز کی اضافی کمک طلب کی گئی جنہوں نے پورے علاقے کو سیل کرکے جنگجوئوں کے فرار ہونے کے تمام راستے بند کر دئے ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ گولیوں کی گن گرج شروع ہوتے ہی پورا علاقہ لرز اٹھا جبکہ لوگ اپنی جانوں کو بچانے کیلئے محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہو گئے ۔ پولیس کے ایک سنیئر آفیسر نے جھڑپ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس، فوج اور سی آر پی ایف اہلکاروں نے جنگجوئوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع کے بعد کاوسہ خالصہ علاقے میںمشترکہ طور تلاشی آپریشن شروع کیا۔جیسے ہی فورسز نے گھر گھر تلاشی شروع کی تو چھپے جنگجوئوں نے اْن پر گولیاں چلائیں۔اس موقع پر فورسز نے بھی جوابی کارروائی عمل میں لائی اور اس طرح معرکہ آرائی کا آغاز ہوگیا۔انہوں نے بتایا کہ علاقے میں دو بدو جھڑپ جاری ہے اور گولیوں کا تبادلہ تھم جانے کے بعد ہی سارے صورتحال واضح ہو سکتی ہے ۔

Comments are closed.