ہر مسئلے یا کہانی کے دو رخ ہوتے ہیں، کشمیر بہت سے لوگوں کیلئے طویل عرصے سے بہت بڑا مسئلہ :ٹرمپ
کشمیر پر پھر ثالثی کی پیشکش
سرینگر؍25، فروری؍کے این ایس ؍ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دو رہ بھارت کے دوران منگل کو ایک مرتبہ پھر کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کی ۔انہوں نے کہا ہر مسئلے یا کہانی کے دو رخ ہوتے ہیں جبکہ کشمیر بہت سے لوگوں کیلئے طویل عرصے سے بہت بڑا مسئلہ چلا آرہا ہے ۔کشمیر نیوز سروس(کے این ایس ) مانیٹر نگ ڈیسک کے مطابق نئی دہلی میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کیلئے تیار ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستان اور بھارت کو تنازع کشمیر پر ثالثی کی پیش کش کر دی ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ کشمیر بہت سے لوگوں کے لیے طویل عرصے سے بہت بڑا مسئلہ چلا آرہا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں مسئلہ کشمیر پر ثالثی کے لیے تیار ہوں۔رپورٹس کے مطابق امریکی صدر پاکستان سے متعلق کہا کہ اسلام آباد کشمیر کے مسئلے پر کام کررہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہر مسئلے یا کہانی کے دو رخ ہوتے ہیں۔بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی انتظامیہ سے ملاقات کے بعد امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کیا کہ ’دہشت گردی ایک مسئلہ ہے لیکن ہمارے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں‘۔صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ’ اْن کی نریندر مودی سے پاکستان سے متعلق بات چیت ہوئی ہے،عمران خان اْن کے بہت اچھے دوست ہیں‘۔ اْنہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف اقدامات کر رہا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت میں شہریت بل پر جاری مظاہروں سے متعلق پوچھے گئے سوال پر صدر ٹرمپ نے کہا کہ اْنہوں نے مذہبی آزادی کے معاملے پر وزیر اعظم مودی سے بات کی ہے۔صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اْنہوں نے اکا دکا واقعات کا سنا ہے۔ لیکن اس پر قابو پانا بھارتی حکومت کا کام ہے۔ شہریت بل سے متعلق اپنی رائے پر صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ اس پر بات نہیں کر سکتے۔ اْمید ہے کہ بھارت کی حکومت اپنے عوام کے بہترین مفاد میں فیصلے کرے گی۔اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے دورے کے دوسرے روز وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ دو طرفہ مذاکرات کے بعد ایک مشترکہ بیان جاری کیا۔ انہوں نے بھارت کے دورے کو ناقابل فراموش، غیر معمولی اور مفید قرار دیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق انہوں نے اعلان کیا کہ ہم نے تین بلین ڈالر کے دفاعی سودے کو حتمی شکل دی ہے۔ ہماری توجہ مذاکرات کے دوران جامع تجارتی معاہدے پر مرکوز رہی۔ ہم نے فائیو جی ٹیلی کام ٹیکنالوجی اور انڈو پیسفک صورت حال پر گفتگو کی۔امریکی صدر نے بھارتی صنعت کاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ صدارتی الیکشن جیت گئے تو اسٹاک مارکیٹ میں ہزاروں پوائنٹس کا اضافہ ہو گا۔ لیکن اگر ایسا نہ ہوا تو مارکیٹ میں منفی رْجحان ہو گا۔صدر ٹرمپ نے وزیر اعظم نریندر مودی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے وزیر اعظم خاص شخص ہیں۔ اْنہوں نے شاندار کام کیے ہیں۔اس موقع پر ٹرمپ نے بھارتی کمپنیوں کو امریکہ میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ٹرمپ نے کرونا وائرس پر اپنی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ انہوں نے چین کے صدر شی جن پنگ سے بات کی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ چین جلد ہی اس جان لیوا وائرس پر قابو پا لے گا۔خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکا اور بھارت کے مابین کوئی تجارتی معاہدہ نہیں ہوسکا۔امریکی صدر کے دورہ بھارت کو غیرمعمولی اہمیت دی گئی لیکن تجارتی معاہدے کے تناظر میں دونوں بھارت اور امریکا کے مابین قابل ذکر معاہدہ نہیں ہوا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مرکزی وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ ۔مودی کی ون آن ون ملاقات کے دوران بھی کشمیر پر بات چیت ہوئی ۔
Comments are closed.