سیاسی رہنمائوں کی ’’بے وقوفیوں‘‘کی وجہ سے کشمیر میں حالات خراب ہیں / مارکنڈے کاٹجو

کشمیر میں انتقامی کارروائیوں کی کوشش سے ویت نام جیسی صورتحال پیدا ہوجائے گی

سرینگر/18فروری /سی این آئی/ سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ جج مارکنڈے کاٹجو نے بھارت کو خبردارکیا ہے کہ مسلح فورسز کی طرف سے پلوامہ دھماکے پر انتقامی کارروائیوں کی کوشش سے خون خرابے میں اضافہ ہو گا اور عسکریت پسندی کا نیاسلسلہ شروع ہوگا۔ سی این آئی مانیٹرنگ کے مطابق ماکنڈے کاٹجو نے کیرالا کے شہر کوچی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پلوامہ حملے کی آڑ میں جنگی جنون کو ہوا دی جارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ میں حملے کی مذمت کرتا ہوں لیکن انتقامی کارروائیوںکی کوشش سے نہتے کشمیریوں کا قتل عام ہوگا۔ کشمیری پہلے ہی بھارت سے شدید نفرت کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ خودکش حملہ آورمرچکا ہے اور اس کے سہولت کار چھپ گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ فوج کی جوابی کاررائی کے دوران اگرعام شہری ہلاک ہوں گے تو مرنے والے کے رشتہ دار عسکریت کا راستہ اختیار کریں گے اور اس طرح آپ عام شہریوں کو عسکریت کی طرف دھکیل دیں گے۔اُردو پوائینٹ میں شائع خبر میں انہوں نے کہا کہ اگر دانشمندی سے کام نہ لیا گیا تو آپ کومزید لاشیں اٹھانا پڑیں گی۔ انہوں نے کہاکہ کئی دہائیوں سے ہمارے سیاسی رہنمائوں کی بیو قوفیوں کی وجہ سے تقریباًساری کشمیری عوام بھارت سے الگ تھلگ ہوچکی ہے۔بحیثیت ایک کشمیری میں وادی کی صورتحال سے واقف ہوں۔سی این آئی کے مطابق انہوں نے کہاکہ انتقامی کارروائیوں کی کوشش سے ویت نا م جیسی صورتحال پیدا ہوجائے گی۔یاد رہے کہ 14فروری کولیتہ پورہ پلوامہ میں ایک سی آرپی ایف کانوائی پر فدائین حملے میں کم سے کم پچاس کے قریب سی آر پی ایف اہلکاروں کی موت واقع ہوئی تھی جس کے بعدبھارت میں کشمیریوں پر حملوں کا سلسلہ شروع ہوا ۔ جبکہ کئی سیاسی جماعتوں کی جانب سے بھی اس حملے پر سخت برہمی کااظہارکرتے ہوئے پاکستان کے خلاف کاررائی کا مطالبہ کیا گیا جبکہ کئی سیاسی لیڈران اور دانشوروں نے اگرچہ حملہ کی مذمت کی تاہم انہوںنے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے کی بھی اپیل کی ہے ۔

Comments are closed.