نئی دہلی: کانگریس صدر راہل گاندھی نے پارٹی کے ریاستی صدور اور قانون ساز پارٹیوں کے لیڈروں سے ملاقات کر کے لوک سبھا انتخابات کی تیاری پر ہفتہ کے روز تبادلہ خیال کیا۔
میٹنگ کے دوران کانگریس صدر نے عام انتخابات کے حوالہ سے مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔ انہوں نے امیدواروں کو ٹکٹ تقسیم اور حتمی فیصلہ لینے میں دور اندیش ذہنیت سے کام کرنے اور سبھی کو ساتھ لے کر چلنے کے علاوہ کارکنان کی رائے کو بھی اہمیت دینے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے انتخابات کے حوالہ سے ٹکٹ تقسیم کا کام جلد از جلد مکمل کرنے کی تاکید کی۔
کانگریس صدر راہل گاندھی نے میٹنگ کے دوران ریاستی صدور اور قانون ساز پارٹی صدور کو ہدایت دی کہ وہ مودی حکومت کی کسان مخالف، نوجوان مخالف، خواتین مخالف اور عوام مخالف پالیسیوں کا پردہ فاش کریں۔ انہوں نے زور دیا کہ پارٹی رہنما عوامی تشہیر کے دوران بے روزگاری، کسانوں کی بد حالی، آئینی اداروں پر حملے جیسے ایشوز کواٹھائیں۔ علاوہ ازیں انہوں نے مودی کے تاناشاہی رویہ سے بھی عوام کو آگاہ کرنے کی ہدایت دی۔
اجلاس کے بعد راہل گاندھی نے ٹوئٹ کر کے کہا کہ ”میں نے ملک بھر سے آئے ہوئے پارٹی کے ریاستی صدور اور قانون ساز پارٹی لیڈران کے ساتھ ملاقات کی اور ہر ریاست میں انتخابی تیاریوں اور حکمت عملی کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔”
کانگریس صدر نے ملاقات میں شامل ہونے والے رہنماؤں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میٹنگ میں مختلف مسائل پر بحث کی گئی، انہوں نے لکھا کہ ”میٹنگ میں ہم نے آئندہ پارلیمانی انتخابات کے پیش نظر مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ میں اس میٹنگ میں شامل ہونے والے تمام رہنماؤں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔”
Comments are closed.