پاکستانی قوم کشمیری بھائیوں کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑی ہے
کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ صرف کشمیریوں کو کرنا ہے/ڈاکٹر عارف علوی
سرینگر : پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیری اپنی ہمت، جرات، بہادری سے حق خود ارادیت کے حصول کیلئے مسلسل کوشاں ہیں۔ اس دوران پاکستان کے دیگر لیڈران نے بھی یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے اپنے الگ الگ بیانات میں کشمیریوں کی جدوجہد کی بھر پر حمایت جاری رکھنے کا عزم دہرایا ہے ۔ ادھر یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے پاکستانی صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ پاک وزیراعظم نے بھارت کی جانب دوستی کا ہاتھ بڑھایا لیکن بھارت بات چیت سے بھاگتا ہے،بھارت سے جب بھی بات چیت کا کہا اس نیکوئی ناکوئی بہانہ بنادیا، کشمیروں کے حق خود ارادیت کی بلاتفریق حمایت کرتے ہیں۔کرنٹ نیوز آف انڈیا مانیٹرنگ کے مطابق یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میںپاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ 5 فروری حق خود ارادیت کے حصول کیلئے کشمیریوں کے غیر متزلزل عزم کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔ اس موقع پر حکومت پاکستان اور اس کے عوام اپنے کشمیری بہن بھائیوں اور بالعموم دنیا بھر پر واضح کرتے ہیں کہ ہم جموں و کشمیر کے طویل عرصہ سے حل طلب تنازعہ اور بھارت کے زیر تسلط جموں و کشمیر پر بھارتی قبضہ کے خلاف کشمیریوں کی جدوجہد کو نہیں بھولے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ بھارت ‘‘مسلح جنگجوئوں کو ہلاک’’ کرنے کے جھوٹے بیانیہ کی آڑ میں اپنی دہشت گردی کو جواز دینے کی کوشش کرتا رہا ہے تاہم وہ اپنی اس کوشش میں بری طرح ناکام ہوا۔ ہم اپنے کشمیر ی بہن بھائیوں کو یقین دہانی کراتے ہیں کہ ہم کشمیر کے بارے میں اپنے اصولی مؤقف پر پوری طرح کاربند ہیں ، پوری پاکستانی قوم اس بہادرانہ جدوجہد میں اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے جوکہ وہ اپنے جائز حق خوادادیت کے حصول کیلئے کر رہے ہیں ، ہمیں پختہ یقین ہے کہ کشمیری اپنی اس جدوجہد میں ضرور کامیاب ہوں گے۔پاک وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ 7 دہائیاں گزر نے کے باوجود جموں و کشمیر کا تنازعہ حل نہیں ہوسکا، جموں و کشمیر میں بے گناہوں کے قتل عام، بچوں پر پیلٹ فائرنگ، آبروریزی و تشّدد سمیت بھارتی مظالم جاری و ساری ہیں اور کشمیری اپنی ہمت، جرات، بہادری سے حق خود ارادیت کے حصول کیلئے مسلسل کوشاں ہیں۔ بھارتی افواج سفاکانہ طریقے سے ہزاروں بے گناہ کشمیریوں کو بے رحمانہ تشدد، غیر قانونی حراست کے دوران قتل کررہی ہیں۔ ہر سال 5 فروری کو منایا جانے والا ‘‘یوم یکجہتی کشمیر’’ کشمیریوں کے بھارتی تسلط کے خلاف اور حق خود ارادیت کیلئے عزم کو مزید مضبوط کرتا ہے، یہ ارادہ ہر گزرنے والے دن اور ہر ڈھائے جانے والے بھارتی ظلم کے ساتھ تقویت پکڑتا جا رہا ہے۔دریں اثناء یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے پاکستان کے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ کشمیر پر صرف کشمیریوں کا حق ہے اور کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ صرف کشمیریوں کو کرنا ہے۔یوم کشمیرپرپاکستانی قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ برصغیرکی تقسیم کے وقت پاکستان اورکشمیرکیساتھ ناانصافی اورسازش کی گئی، باؤنڈری کمیشن نے مسلم اکثریتی علاقوں کو بھارت کے حوالے کیا، باؤنڈری کمیشن نیسوچے سمجھے منصوبے کے تحت سازش کی۔صدر پاکستان نے کہا کہ صدیوں سے کشمیری بھائی ظلم سہتے آئے ہیں، کشمیر پر صرف کشمیریوں کا حق ہے اور کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ صرف کشمیریوں کو کرنا ہے جب کہ کشمیر کے حوالے سے پاکستانی سیاستدانوں میں کوئی اختلاف نہیں۔عارف علوی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے بھارت کی جانب دوستی کا ہاتھ بڑھایا لیکن بھارت بات چیت سے بھاگتا ہے،بھارت سے جب بھی بات چیت کا کہا اس نیکوئی ناکوئی بہانہ بنادیا، کشمیروں کے حق خود ارادیت کی بلاتفریق حمایت کرتے ہیں۔ادھروفاقی وزیر برائے کشمیر امور و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پور نے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ وادی کشمیر کے عوام 7 دہائیوں سے ظالمانہ تشدد کا سامنا کررہے ہیں،بھارت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے نفاذ سے مسلسل انکاری ہے اور کشمیری عوام کوبنیادی حقوق دینے سے ٹال مٹول کر رہا ہے، اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق اور برطانوی پارلیمنٹ کے کل جماعتی پارلیمانی کشمیر گروپ نے بھی بھارتی ظالمانہ کارروائیوں کو موثر انداز سے اْجاگر کیا، پاکستان کی حکومت اور عوام کشمیری بھائیوں کوحمایت کا یقین دِلاتے ہیں۔ اس دوران پاکستانی قومی اسمبلی کے اسپیکراسد قیصر نے یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ جنوبی ایشیا میں اس وقت تک پائیدار امن کے قیام کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ جب تک دنیا کی سب سے بڑی نام نہاد جمہوریت بھارت مقبوضہ وادی میں طاقت کے استعمال اور جبر و تشدد کو بند نہیں کرتا۔ انہوں نے اقوامِ متحدہ پر زور دیا کہ وہ کشمیر سے متعلق اپنی قرادادوں پر عملدرآمدکو یقینی بنائے۔ادھریوم کشمیر کی مناسبت سے سابق صدرپاکستان اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی بھارتی تسلط سے آزادی پاکستان پیپلز پارٹی کے منشور کا حصہ ہے، قائد عوام شہید ذوالفقارعلی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے عالمی سطح پر کشمیریوں پر ہونے والے بھارتی فوج کے مظالم کے خلاف آواز بلند کی۔ وادی کشمیر کے عوام کی آزادی ان کا بنیادی اور جمہوری حق ہے، اقوام متحدہ کا یہ اخلاقی فرض ہے کہ اپنے منشور پر عمل کرا کروادی کشمیر کے عوام کو آزادی کا بنیادی حق دلوائے۔سی این آئی کے مطابق دریں اثنا ء پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف محمد شہبازشریف نے یوم یک جہتی کشمیر پر پیغام میں کہا ہے کہ اہل کشمیر نے اپنے صبرواستقامت سے آزادی کی جنگ میں بھارتی فوج کو شکست دے دی ہے۔مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ اور پوری مہذب دنیا کے لئے امن و انصاف کا کھلا چیلنج ہے۔ بھارت نے اپنی ظالم افواج کے ذریعے نہتے اور بے گناہ کشمیریوں کا جس بے دردی سے لہو بہایا ہے اس پر نسل انسانی شرمندہ ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کشمیر کا وکیل تھا، ہے اور آزادی کا سورج طلوع ہونے تک انشاء اللہ رہے گا۔(سی این آئی)
Comments are closed.