بڈگام کے درجنوں علاقے بجلی سے محروم

ضلع انتظامیہ کے دعوے لوگوں نے دیا بے بنیا د قرار
سرینگر/07نومبر/سی این آئی/ ضلع بڈگام میں بجلی کی عدم دستیابی سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ جس پر مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ کی سخت نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ بجلی اور دیگر بنیادی ضروریات کی فراہم کے حوالے سے انتظامیہ کے دعوے سراب اور بے بنیاد ہیں۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق وسطی ضلع بڈگام کے درجنوں علاقوں جن میں سپدن، چودھری باغ، گلوان پورہ اور دیگر علاقے شامل ہیں میں بجلی کی عدم دستیابی سے لوگ سخت مشکلات سے دوچار ہیں ۔ اس حوالے سے لوگوں نے کہا ہے کہ اگرچہ برفباری کے بعد وادی کے دیگر اضلاع میں بجلی کی سپلائی کافی حد تک بحال کی جاچکی ہے تاہم ضلع بڈگام کے مذکورہ علاقے آج بھی بجلی سے محروم ہیں ۔ اس حوالے سے مقامی لوگوں نے محکمہ بجلی اور ضلع انتظامیہ کے خلاف سخت برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ مذکورہ علاقوں کو بجلی فراہم کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں ۔ لوگوں کے نے کہا کہ ضلع انتظامیہ خاص کر ضلع ترقیاتی کمشنر اور دیگر اعلیٰ افسران ضلع میں بنیادی سہولیات بہم رکھنے کے دعوے تو کرتے ہیں لیکن زمینی سطح پر لوگ بجلی سمیت تمام بنیادی ضروریات سے محروم ہیں ۔ لوگوں نے محکمہ بجلی کے چیف انجینئر پر بھی سوالات اُٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ موصوف برفباری سے متاثرہ بجلی سپلائی کو بحال کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں ۔ لوگوں نے بجلی کی عدم دستیابی کے حوالے سے ریاستی گورنر اور مشیر گورنر خورشید احمد گنائی سے مود بانہ اپیل کی ہے کہ وہ مذکورہ علاقوں کیلئے بجلی بحال کرنے میں اپنا رول اداکریں۔

Comments are closed.