چیف سیکرٹری نے موسم سرما کے دوران ممکنہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے جامع منصوبہ ترتیب دینے پر زور دیا

برفباری سے متاثرہ علاقوں میں ضروری خدمات کی بحالی کا جائزہ لیا۔ انتظامیہ کی کام کی سراہنا کی
’’ جائیداد ، زراعت اور باغبانی شعبوں کو پہنچے نقصان کا جلد از جلد تخمینہ لگایا جائے گا

جموں:چیف سیکرٹری بی و ی آر سبھرامنیم نے موسم سرما کے دوران پیدا ہونے والی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے متعلقہ محکموں کو ایک جامع منصوبہ ترتیب دینے کی ہدایت دی ہے تاکہ لوگوں کو مشکلات کا سامنانہ کرنا پڑے ۔
ریاست میں حال ہی میں ہوئی برفباری اور بارشوں سے تباہ شدہ لازمی خدمات کی بحالی کے لئے انتظامیہ کی طرف سے کئے جارہے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا’’ ایکشن پلان میں برف ہٹانے کی مشینیں ، وسائل کا مد ،اشیائے ضروریہ کی دستیابی ،کنٹرول روم کا قیام اور ایس ڈی آر ایف کو متحرک کرنے کو شامل کیا جانا چاہیئے ‘‘ ۔
چیف سیکرٹری نے صوبائی کمشنرکشمیر اور وادی اور لداخ خطے کے تمام ترقیاتی کمشنروں سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے بجلی ، سڑک رابطوں ، پانی اور صحت خدمات کے بارے میں تازہ ترین جانکاری حاصل کی۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ حکومت مرکزی حکومت سے رابطہ قائم کرے گی تاکہ بین محکمہ جاتی افسروں کی ایک ٹیم وادی بھیجی جائے تاکہ ایس ڈی آر ایف قوانین کے مطابق متاثرین کو فوری معاوضہ دیا جاسکے ۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ جائیداد اورفصلوں کو پہنچے نقصان کا بنیاد ی سطح پر تخمینہ لگانے کا کام شروع کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایس ڈی آر ایف کے تحت ڈپٹی کمشنر وں کے پاس مناسب رقومات دستیاب ہے ۔
چیف سیکرٹری نے صوبائی اور ضلع انتظامیہ کے علاوہ بجلی ، تعمیرات عامہ ، صحت عامہ ،مکانات و شہری ترقی اور دیگر متعلقہ محکموں کی جانب سے ضروری سروسز کی بحالی میں کئے گئے اقدامات کئے لئے اُن کی سراہنا کی۔
اُنہوں نے غیر متوقع طور پر ہوئی برفباری سے پیدا شدہ صورتحال سے نمٹنے کے لئے صوبائی اِنتظامیہ کے ردِّعمل کی تعریف کی۔ اُنہوں نے کہا کہ گورنر نے اِنتظامیہ کی طرف سے کئے گئے اچھے کام کی ستائش کی ہے۔
چیف سیکرٹری نے ڈویژنل کمشنر اور ڈپٹی کمشنر وں پر زور دیا کہ وہ تمام علاقوں میں بجلی کے بنیادی ڈھانچے کو بحال کرنے کے لئے لازمی اقدامات کریں ۔اُنہوں نے چار ٹاوروں کے گرنے کے معاملے کی تحقیقات کرنے کی بھی ہدایت دی اور کہا کہ انکوائری رِپورٹ دو تین دنوں کے اندر پہنچ جانی چاہیئے۔
اس موقعہ پر بتایا گیا کہ بجلی ٹرانسفارمروں کی مرمت اور دیگر بنیادی ڈھانچے کو بحال کرنے کے لئے عبوری طور پر پانچ کروڑ روپے واگذار کئے گئے ہیں۔

Comments are closed.