سوپور میں ناکہ چیکنگ کے دوران موٹر سائیکل پر سوار 3بالائی ورکر گرفتار
سرینگر:ہندواڑہ میں البدر مجاہدین سے وابستہ جنگجو کو اسلحہ اور گولہ بارود سمیت گرفتار کرنے کا پولیس کا دعویٰ جبکہ سوپور میں جنگجو تنظیم سے وابستہ تین سہولیت کاروں کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔ خبر رساں ایجنسی یو پی آئی کے مطابق مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد پولیس ، فوج اور 92بٹالین سی آر پی ایف نے چھوٹی پورہ کراسنگ کے نزدیک ناکہ لگایا جس دوران ایک مشتبہ شخص کی گرفتاری عمل میں لا کر اُس کے قبضے سے پستول اور دو گرنیڈ برآمد کرکے ضبط کئے گئے۔ گرفتار شدہ شخص کی شناخت سجاد احمد ڈار ولد عبدالحمید ڈار ساکنہ رہمو پلوامہ کے بطور ہوئی ہے۔ سجاد احمد ڈار نامی نوجوان 3ستمبر 2018کو گھر سے لاپتہ ہوگیاتھا اور اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن راجپورہ میں گمشدگی کی رپورٹ بھی درج کی جاچکی ہے۔ سجاد احمد حال ہی میں البدر نامی ملی ٹینٹ تنظیم میں شامل ہوا تھا ۔ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن ہندواڑہ میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہے۔ ادھر سیکورٹی فورسز نے چتلورہ کراسنگ رفیع آباد میں موٹر سائیکل پر سوار تین بالائی ورکروں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد سیکورٹی فورسز نے چتلورہ کراسنگ کے نزدیک ناکہ لگایا جس دوران موٹر سائیکل پر سوار تین افرا دکو رکنے کا اشارہ کیا گیا تاہم انہوںنے اشارے کو نظر انداز کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی ، مستعد اہلکاروں نے موٹر سائیکل کا پیچھا کیا اور تینوں کو دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا گیا۔ مذکورہ افراد کے خلاف ایف آئی آڑ زیر نمبر 149/2018زیر دفعہ 7/25آرمز ایکٹ 13یو ایل اے ایکٹ کے تحت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہے۔
Comments are closed.