حدمتارکہ پر آر پارشدید فائرنگ

کپوارہ: سرحدی ضلع کپوارہ کے کیرن اور ٹنگڈار سیکٹروں میں ہند پاک کی افواج کے درمیان شدید گولیوں کا تبادلہ ہوا ۔طرفین کے مابین جاری رہنے والی گولیوں کی گن گرج کے نتیجے میں آر پار سرحدی آبادی میں خوف وہراس کی لہر دوڑ گئی ۔تاہم طرفین کے مابین گولیوں کے تبادلے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔

بھارت اور پاکستان کی افواج کے درمیان لائن آف کنٹرول پر ایک مرتبہ پھر شدید گولیوں کا تبادلہ ہوا ۔دفاعی ترجمان نے بتایا کہ منگل کی شب کو پاکستانی فوج نے ٹنگڈار سیکٹر میں 20جاٹ ایل پی پوسٹ کو نشانہ بناتے ہوئے خود کار ہتھیاروں سے فائرنگ کی ۔انہوں نے کہا کہ اسی طرح پاکستانی فوج نے فوج کے بلبیر پوسٹ کیرن سیکٹر میں بدھ کی صبح نشانہ بناتے ہوئے فائرنگ کی ۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج نے اس کاجواب فائرنگ سے ہی دیا اور طرفین کے مابین کیرن سیکٹر میں 15منٹ تک جاری رہا ۔ایس ایس پی کپوارہ شری رام امبارکر دنکار نے بتایا کہ ہند پاک افواج کے درمیان 10سے15منٹ تک شدید گولیوں کا تبادلہ ہوا ،تاہم اس میں کسی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔

اس دوران کیرن اور ٹنگڈار سیکٹروں میں ہند پاک کی افواج کے درمیان ہوئی شدید گولیوں کے تبادلے میں آر پار سرحدی علاقوں میں رہائش پذیر لوگوں میں خوف وہراس کی لہر دوڑ گئی ۔دریں اثناءحسب روایت دونوں ممالک کی افواج نے ایکدوسرے پر جنگ بندی معاہدہ 2003کی خلاف کا الزام عائد کیا ۔

Comments are closed.