سرکار لفافہ بند مرغ کی سیل کی چیکنگ کے لئے لکھن پور اور لور منڈا میں چیکنگ سینٹر قائم کرے گی

سری نگر: ریاست میں لفافہ بند مرغ کے داخلے کی نگرانی کے لئے اینمل ہسبنڈری محکمہ نے لکھن پور اور لور منڈا میں دو مخصوص چیکنگ سینٹر قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ متعلقہ محکمہ کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر اصغر حسن سامون نے یہ سینٹر قائم کرنے کے لئے آج ایک جائزہ میٹنگ میں یہ احکامات دئیے ۔ میٹنگ میں ڈائریکٹر اینمل ہسبنڈری کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
ریاست کے بازاروں میں بیرون ریاست سے درآمد کئے گئے سڑے مرغ بیچے جانے کے معاملے کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے ڈاکٹر سامون نے ایسے مرغ فروخت کرنے والوں کی دھرپکڑ کے لئے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت دی ۔انہوں نے کہا کہ یہ مرغ مضر صحت لفافوں اور ڈبوں میں سمگل کئے جاتے ہیں جس کی وجہ سے عوام کی صحت کو کافی خطرات لاحق ہے ۔انہوں نے کہا کہ مرغوں کی فارم ریٹ کو بھی جلد مشتہر کیا جائے گا ۔انہوں نے ڈریسنگ پلانٹوں کے معائینے کے لئے جوائنٹ ڈائریکٹر پولٹری کی سربراہی والی کمیٹی کی تشکیل کے احکامات دئیے۔
میٹنگ میں محکمہ فشریز کے افسران نے مقامی ماہی گیروں کو دی جارہی معاونت اور رہنمائی کے بارے میں جانکاری دی۔
دریں اثنا پرنسپل سیکرٹری نے ماہی گیر طبقے سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان کو لوڈ کیئر یر جبکہ ایک خاتون کو مکان کی تعمیر کے لئے دو لاکھ روپے کی چیک بھی فراہم کی۔

Comments are closed.