سوپور جھڑپ :دو جنگجو جاں بحق ، تلاشی آپریشن جاری

سرینگر: شمالی کشمیر کے سوپور تجر نو پورہ علاقے میں فورسز اور جنگجوﺅں کے درمیان خونین معرکہ آرائی میں دو جنگجو جاں بحق ہو گئے ۔ پولیس ترجمان نے جھڑپ میں دو جنگجو کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ علاقے میں آپریشن جاری ہے جبکہ دونوں مہلوک جنگجوﺅں کی شناخت کرنے کیلئے کارروائی جاری ہے ۔

علاقے میں جھڑپ کے ساتھ ہی قصبہ سوپور میں انٹر نیٹ خدمات معطل کی گئی جبکہ بطور احتیاط منگل کو تمام تعلیمی اداروں میں درس و تدریس کا کام معطل رہا ۔ سی این آئی کے مطابق سوموار کی رات دیر گئے قریب 10بجے نو پورہ تجر سوپور میں جنگجوﺅں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد فوج کے 22آر آر ، سی آر پی ایف اور ایس او جی سوپور نے علاقے کو محاصرے میں لیکر تلاشی کارروائی شروع کی۔

پولیس ذرائع کے مطابق جو نہی فورسز نے علاقے میں تلاشی آپریشن شروع کیا تو وہاں چھپے بیٹھے جنگجوﺅں نے فرار ہونے کی کوشش میں فورسز پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے جواب میں فورسز نے بھی جوابی کارروائی کی اور طرفین کے مابین گولیوں کا تبادلہ کچھ دیر تک جاری رہا ۔ ذرائع کے مطابق اسی دوران جنگجوﺅں نے ایک رہائشی مکان میں پنا ہ لی جبکہ اندھیرا چھا جانے کے بعد پولیس و فورسز نے جنگجو مخالف آپریشن منگل کی صبح تک موخر کر دیا ۔ اسی دوران فورسز کی مزید کمک علاقت کی طرف روانہ کی گئی جبکہ جنگجوﺅں کے فرار ہونے کے تمام راستے سیل کر دینے کیلئے علاقے میں روشنی کا انتظام کیا گیااور جنریٹر نصب کرنے کے بعد مقامی آبادی کو اپنے گھروں سے باہر نکال کر محفوظ مقام پر پہنچا دیا ۔

ذرائع کے مطابق منگل کی صبح ہونے کے ساتھ ہی علاقے میں فورسز نے جونہی تلاشی آپریشن بحال کیا تو وہاں ایک رہائشی مکان میں چھپے بیٹھے جنگجوﺅں نے فورسز پر فائرنگ کی جس کے ساتھ ہی با ضابطہ طور جھڑپ کا اغاز ہوا ۔ ذرائع کے مطابق منگل کی دو پہر تک گولیوں کا تبادلہ جاری رہنے کے بعد جو نہی گولیوں کا تبادلہ تھم گیا تو فورسز نے جھڑپ کے مقام سے دو جنگجوﺅں کی نعشیں بر آمد کی ۔ جبکہ ان کے تحویل سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرنے کا مطالبہ کیا ۔

پولیس ترجمان نے علاقے میں جھڑپ کے دوران دو جنگجوﺅں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی شناخت کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ پولیس ترجمان کے مطابق سوموار کی رات دیر گئے پولیس و فورسز کو اطلاع ملی کہ تجر میںجنگجوﺅں چھپے بیٹھے ہیں ،جونہی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کیا تووہاں چھپے بیٹھے جنگجوو¿ں نے محاصرہ توڑنے کیلئے گولیاں چلائی تاہم پولیس و فورسز نے ان کی کوشش ناکام بنا دیا۔ انہوں نے بتایا کہ فائرنگ کے ساتھ ہی علاقہ کا محاصرہ تنگ کیا گیا جس دوران اندھیرے کے سبب آپریشن کو منگل کی صبح تک ملتوی کر دیا گیا جس کے بعد منگل کی صبح آپریشن بحال ہونے کے ساتھ ہی فورسز اور جنگجوﺅں کا آمنا سامنا ہوا جس دوران دو جنگجو جاں بحق ہو گئے جن کی شناخت کرنے کیلئے کارروائی جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں آپریشن تائی دم تحریر جاری تھا۔(سی این آئی)

Comments are closed.