سری نگر ،جموں وکشمیر کے مختلف حصوں میں اتوار کی علی الصبح سے جاری بارشوں کی وجہ سے خطہ لداخ کو کشمیر اور کشمیر کو خطہ جموں سے جوڑنے والی سڑکوں کو گاڑیوں کی آمدورفت کے لئے بند کردیا گیاہے۔
جموں وکشمیر پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ سری نگر جموں قومی شاہراہ پر مختلف جگہوں بشمول کریری، مگرکوٹ اور رامسوپر مٹی اور پتھر کے تودے گرآئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس کی وجہ سے قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل کردی گئی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ شاہراہ کی دیکھ ریکھ کے لئے ذمہ دار بارڈر روڑس آرگنائزیشن نے اسے گاڑیوں کی آمدورفت کے قابل بنانے کے لئے اپنی مشینری اور افرادی قوت کو کام پر لگادیا ہے۔
انہوں نے بتایا ’بی آر او اور مختلف مقامات پر تعینات ٹریفک پولیس اہلکاروں کی طرف سے گرین سگنل ملنے کے بعد گاڑیوں کی آمدورفت بحال کردی جائے گی‘۔
دریں اثنا خطہ لداخ کو وادی کشمیر سے جوڑنے والی سری نگر لیہہ شاہراہ کو بارشوں کی وجہ سے احتیاطی طور پر بند کردیا گیا ہے۔ ٹریفک پولیس کے ایک عہدیدار نے بتایا ’شاہراہ پر مختلف مقامات پر شدید بارشیں ہوئی ہیں۔ اس کے پیش نظر گاڑیوں کی آمدورفت احتیاطی طور پر معطل رکھی گئی‘۔
آئی جی پی ٹریفک (جموں وکشمیر) بسنت رتھ نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ’زوجیلا پاس کے مقام پر شدید بارشیں ہوئی ہیں۔ گاڑیوں کی آمدورفت دونوں طرف سے معطل کی گئی ہے‘۔
Comments are closed.