نئی دلی: بھارت نے پاک بھارت وزرائے خارجہ کے درمیان نیو یارک میں ہونے والی ملاقات منسوخ کر دی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت نے نیویارک میں طے پاک بھارت وزرائے خارجہ ملاقات منسوخ کردی ہے۔ شاہ محمود قریشی اور سشما سوراج کی ملاقات 27 ستمبر کو نیویارک میں ہونی تھی، تاہم اب بھارت کی جانب سے جنرل اسمبلی اجلاس کی سائیڈ لائنز پر پاکستانی وفد سے ملاقات سے انکار کردیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارتِ خارجہ کی جانب سے ملاقات منسوخ کرنے کی وجہ کشمیرمین تین ایس پی اوز کی ہلاکت کے بعد پیدا شدہ صورتحال بتائی گئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کو خط لکھ کر مذاکرات کی پیش کش کی تھی اور بھارتی حکومت نے بھی دعوت قبول کرتے ہوئے دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان 27 ستمبر کو نیویارک میں ہونے والی ملاقات کی تصدیق کردی تھی۔
اس سے قبل امریکا نے پاکستان اور بھارت کے وزرائے خارجہ کی مجوزہ ملاقات کا خیر مقدم کیا تھا۔
محکمہ خارجہ میں پریس بریفنگ کے دوران ترجمان ہیدر نورٹ نے کہاتھا کہ ‘پاک ۔ بھارت وزرائے خارجہ کی ملاقات کی خبر پاکستانیوں اور بھارتیوں کے لیے بہت شاندار ہے اور اس سے دونوں ممالک کو مل کر بیٹھنے اور بات کرنے کا موقع ملے گا۔’
انہوں نے کہاتھا کہ ‘ہم پاکستانی وزیر اعظم عمران خان اور ان کے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کے درمیان مثبت پیغامات کے تبادلے سے آگاہ ہیں اور ہمیں امید ہے کہ مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان اچھے اور مضبوط تعلقات کے لیے حالات سازگار رہیں گے۔’
Comments are closed.