شمال وجنوب میں شبانہ چھاپہ مار کارروائیاں ،18 گرفتار

سر ینگر:سعدہ پورہ شوپیاںاور بہار آباد کھنمو حاجن کے علاقوں میں پولیس و فورسز نے عسکریت پسندوں کے دو بالائی ورکروں سمیت 18نوجوانوں کی گرفتاریاں شبانہ چھاپوں کے دوران عمل میں لائیں ،تلاشی کارروائیوں ،کریک ڈاون اور گرفتاریوںپر لوگوں نے فکر وتشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کی ایسی کارروائیوں سے حالات بہتر ہونے کے بجائے ابتر ہو رہے ہیں ۔

پنچایت اور بلدیاتی الیکشنوں کی تاریخ نزدیک آنے کے ساتھ ہی پولیس وفورسز کی جانب سے نوجوانوں کی گرفتاریوں کا لامنتہا ئی سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے ، سعدہ پورہ شوپیاں کے علاقے میں پولیس و فورسز نے دوران شب عسکریت پسندوںکے دو بالائی ورکروں محمد عرفان نائکو ولد فاروق احمد،محمد شفیع نائکو ولد محمد منصور کے گھروں پر چھاپے ڈالے اور ان کی گرفتاریاں عمل میں لائیں ۔

مقامی لوگوںنے الزام لگایا کہ فورسز اہلکاروںنے شبانہ چھاپوں کے دوران ارشاد احمد وانی نامی نوجوان کو زدکوب کر کے لہو لہاں کر دیا گیا جبکہ دونوجوانوںں عسکریت پسندوں کے بالائی ورکر جتلا کر انہیں سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا ۔

پولیس نے گرفتاریوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ نوجوانوں کو ٹھوس ثبوت ملنے کے بعد ہی حراست میں لے لیا گیا ہے اور پوچھ تاچھ کے دوران انہوںنے اعتراف کیا ہے کہ وہ عسکریت پسندوں کےلئے اپنی خدمات انجام دیتے تھے ۔ ادھر بہار آباد کھنمو حاجن کے علاقے میں اس وقت سنسنی اور خوف و دہشت کا ماحول پھیل گیا جب پولیس وفورسز نے علاقے کا محاصرہ کیا اور تلاشی کارروائی شروع کی جو رات بھر جاری رہی جس کے دوران پولیس وفورسز نے سنگباری کرنے، امن و امان میں رخنہ ڈالنے ،پولیس وفوسز کے خلاف کاررووائیاں انجام دینے ،غیر قانونی سرگرمیاں انجام دینے کے الزام میں 16نوجوانوں کو شبانہ چھاپوں کے دوران گرفتار کیا ۔

پولیس و فورسز کی جانب سے شمالی ،جنوبی اور وسطی کشمیر میں گرفتاریوں کا لامنتہائی سلسلہ شروع کرنے ، چھاپہ مار کارروائیاں عمل میں لانے اور بستیوں کو محاصرے میں لینے پر عوامی حلقوں نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی کارروائیاں عمل میں لانے سے حالات میں بہتری آنے کے بجائے حالات مزید ابتر ہونگے جس کی تمام تر ذمہ داری پولیس و فورسز پر عائد ہو تی ہے ۔ اے پی آئی

Comments are closed.