سرینگر:پی آر: حریت کانفرنس(ع) کا اجلاس زیر صدارت حریت کانفرنس چیرمین میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق حریت صدر دفتر راجباغ سرینگر میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں جملہ اکائیوںکے سربراہان یا پھر خصوصی نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس میںریاست جموںوکشمیر کی تازہ ترین سیاسی اور تحریکی صورتحال پر تفصیل کے ساتھ غو و خو ض کیا گیا ۔
اجلاس میں آئے روز وادی بھر خصوصاً جنوبی کشمیر میں بدنام زمانہ CASO کی آڑ میں پکڑ دھکڑ، ہراسانیوں، مار دھاڑ، اور ہزاروں کی آبادی کو محصور کئے جانے کی کارروائیوں پر فکر و تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی شدید مذمت کی گئی اور اس طرح کی کارروائیوں کو کھلی سرکاری دہشت گردی قرار دیا گیا۔
اجلاس میں کشمیر کے طول و عرض میں نہتے عوام کیخلاف طاقت اور تشدد کے استعمال اور قتل و غارت گری کے پے در پے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیاکہ ریاستی عوام کی تحریک مزاحمت کے تئیں وابستگی اور بھارت کے جارحانہ اور عوام کُش عزائم کیخلاف کھلی مزاحمت سے حکومت ہندوستان شدید بوکھلاہٹ کے عالم میں اب نہتے عوام کو اپنی جارحیت کا نشانہ بنا رہی ہے اور پُر امن مظاہرین کو طاقت کے بل پر کچلنے کی انتقام گیرانہ پالیسی پر عمل پیرا ہے جو عالمی برادری کیلئے چشم کشاءہونا چاہئے۔
اجلاس میں بلدیاتی و پنچایتی انتخابات کو مسترد کرتے ہوئے کہا گیا کہ اس شوشے کی آڑ میں مزاحمتی ،سیاسی کارکنان اور ہمدردوں کو خوفزدہ کرنے ،انہیں تھانوں میں بلا کر ہراساں کرنے ، گھروں پر چھاپہ ماری اور گرفتاریوںکے چکر کو غیر جمہوری ، غیر اخلاقی اور غیر انسانی قرار دیتے ہوئے یہ بات واضح کی گئی کہ تاریخ گواہ ہے کہ دنیا کی کسی قوم کی اجتماعی جدوجہد اور قوت مزاحمت کو طاقت کے بل پر نہ تو دبایا جاسکتا ہے اور نہ ہی فوجی قوت کے بل پر یہاں کے عوام کو اپنی جائز جدوجہد سے دستبردار کیا جاسکتا ہے اورنہ لاکھوں کی تعداد میں مسلح افواج اور فورسز کو نہتے کشمیریوں پر مسلط کرکے یہاں کی مزاحمتی قیادت اور حریت پسند عوام کو اپنی مبنی برحق تحریک حق خودارادیت کے تئیں ان کی غیر متزلزل وابستگی ختم کی جاسکتی ہے۔
اجلاس میںاقوام متحدہ کے حقوق انسانی کونسل کی ہائی کمشنر Michelle Bachelet کے حکومت ہند کی جانب سے کشمیر میں بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی پامالیوں پر دیئے گئے بیان پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ UNO کے انسانی حقوق کے اجلاس میں شرکت کیلئے حریت کانفرنس کی اس وقت جنیوا میں موجود ٹیم اپنی سرگرمیوںمیں تیزی لائے اور حکومت ہند اور اسکی قابض افواج کی جانب سے کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کی سنگین پامالیوںکو ہر سطح پر اجاگر کرنے کی بھرپور کوشش کرے۔
Comments are closed.