کشمیر سے متعلق چین کی پالیسی واضح ، ہند پاک کے درمیان تمام تنازعات کے پُر امن حل کے خواہشمند
سرینگر/10ستمبر: پاکستان اور بھارت کے درمیان کشمیر سمیت تمام تنازعات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پرزور دیتے ہوئے چین نے ایک مرتبہ پھر واضح کیا ہے کہ کشمیر سے متعلق چین کی پالیسی بااصول اور صاف،کوئی تبدیلی نہیں آئی ۔ سی این آئی مانیٹرنگ کے مطابق دورہ پاکستان کے دوران چین کے وزیر خارجہ نے اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمو د قریشی سے ملاقات کی جس دوران انہوں نے کئی معاملات پر تبادلہ خیال کیا ۔ملاقات کے دوران چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ چین پاکستان اور بھارت کے درمیان تیز رفتار ی کیلئے مثبت کردار ادا کرنے کا خواہشمند ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کا پڑوسی ہونے کے ناطے چین دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات بہتر بنانے میں مدد کیلئے تیار ہے کیونکہ علاقائی امن اور سلامتی کیلئے پاک بھارت صحت مندانہ تعلقات ناگزیر ہیں۔چین نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشمیر کے دیرینہ تنازع کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پرزوردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے چین کا موقف واضح ہے اور اسے دونوں فریقوں کے درمیان مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کشمیر سے متعلق چین کی پالیسی بااصول اور صاف ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک تاریخی مسئلہ ہے، جسے مناسب طریقے سے مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت ہے۔چینی وزیر خارجہ نے واضح طور پر کہا کہ سی پیک منصوبے سے چین کی کشمیر سے متعلق پالیسی تبدیل نہیں ہوگی۔ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ چین اور پاکستان کے درمیان دفاع صنعت اور تجارت کے شعبوں میں تعاون برقرار ہے۔پاکستان کی جانب سے گلگت بلتستان کو کشمیر کا حصہ قرار دینے کے منصوبے پر بھارتی اعتراض سے متعلق ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان کا پانچواں صوبہ ہے اور پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبہ ان ہی علاقوں کے ذریعے دونوں ممالک کو منسلک کرے گا۔
Comments are closed.